قائم مقام سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ سعید نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کا دھرنا محض بجلی، پیٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف احتجاج نہیں بلکہ عوام کے بنیادی حقوق، باعزت زندگی اور روشن مستقبل کی جدوجہد ہے۔ حکومت محدود اور عارضی ریلیف کے بجائے عوام کو مستقل اور عملی سہولتیں فراہم کرے، مطالبات پر سنجیدہ پیش رفت تک جدوجہد جاری رہے گی۔
دھرنے کے 31ویں روز وسطی پنجاب کے اضلاع ننکانہ، شیخوپورہ اور قصور کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بجلی کے بھاری بل، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں اور ٹیکسوں کا بوجھ خصوصاً خواتین، بچوں اور متوسط و غریب خاندانوں کو متاثر کر رہا ہے۔ خواتین کو گھر کے اخراجات کے ساتھ بچوں کی تعلیم، صحت اور خوراک کی ضروریات پوری کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے، اس لیے محض اعلانات مسائل کا حل نہیں۔
ہونہار طالبات میں اعزازات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ثمینہ سعید نے کہا کہ جماعت اسلامی خواتین کو قومی تعمیر، تعلیم اور قیادت میں فعال کردار ادا کرنے والی قوت سمجھتی ہے۔ خواتین اور بچیوں کی دینی و دنیاوی تعلیم، کردار سازی اور صلاحیتوں کی نشوونما کے لیے مختلف اداروں اور منصوبوں کے ذریعے کام کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فہم القرآن کے ادارے قرآن کریم کی تعلیم اور عملی زندگی سے تعلق مضبوط کرنے میں کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ دینی و دنیاوی تعلیمی ادارے نئی نسل کو علم، شعور اور اخلاقی تربیت فراہم کر رہے ہیں۔ بنو قابل جیسے منصوبے نوجوانوں، خصوصاً خواتین اور بچیوں کو جدید ہنر، ٹیکنالوجی اور روزگار کے مواقع سے جوڑنے کی کوشش ہیں۔ تعلیم کو محض ڈگری کے بجائے خوداعتمادی اور خودانحصاری کا ذریعہ بنانا ضروری ہے۔
ثمینہ سعید نے کہا کہ دھرنے کے مقام پر مختلف تعلیمی شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی طالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے اعزازات اور اسناد تقسیم کی جا رہی ہیں۔ ان کے مطابق تعلیم یافتہ اور باکردار خواتین قومی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکتی ہیں۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ خواتین اور بچوں کے مسائل کو ترجیح دی جائے، تعلیمی مواقع میں اضافہ، مہنگائی میں کمی اور عوامی وسائل کو فلاح عامہ کے لیے استعمال کیا جائے۔ ہر بچی کو معیاری تعلیم، ہر خاتون کو باوقار مواقع اور ہر خاندان کو بنیادی ضروریات کی فراہمی یقینی بنانا ہوگی۔
ثمینہ سعید نے کہا کہ جماعت اسلامی کی خواتین عوامی حقوق کی جدوجہد میں اپنا کردار جاری رکھیں گی۔ دھرنے کا مقصد عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کرنا اور حکمرانوں کو جواب دہ بنانا ہے۔
اس موقع پر عطرت احسن، ناظمہ ضلع شیخوپورہ، نبیلہ محمود، ناظمہ ضلع ننکانہ، راضیہ جاوید، ناظمہ ضلع قصور، راشدہ شاہین اور رابعہ خالد، نائب ناظمات حلقہ وسطی پنجاب، اور غزالہ صدیقی بھی موجود تھیں۔
