ڈپٹی سیکرٹری حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان اور ڈائریکٹر میڈیا سیل ثمینہ سعید نے کہا کہ “میرا برانڈ پاکستان” ایکسپو سینٹر لاہور میں مقامی مصنوعات کو فروغ دینے اور ان کی اہمیت اجاگر کرنے کی شاندار کاوش ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس ایونٹ کو لاہور میں زبردست پذیرائی ملی ہے اور یہ عوام کے دلوں کی آواز بن کر ابھرا ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی برانڈز اور مصنوعات کو نمایاں کرنے سے نہ صرف مقامی صنعتوں کو فروغ ملے گا بلکہ ملکی معیشت کو بھی تقویت ملے گی۔
ثمینہ سعید نے کہا کہ بزنس فورم کے تمام منتظمین مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے دو سو سے زائد برانڈز کو یکجا کر کے ایک خواب کو حقیقت بنایا۔ خواتین کو دعوت عام ہے کہ وہ آئیں اور میرا برانڈ پاکستان کا حصہ بنیں۔ یہ پاکستانیت، یکجہتی اور مضبوط معیشت کا پیغام ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ یہ مہم کراچی سے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں شروع ہوئی تھی اور اب لاہور سے ہوتے ہوئے پورے ملک میں پھیل رہی ہے۔ اس پلیٹ فارم نے تاجروں اور صنعت کاروں کو اپنے برانڈز بنانے اور مارکیٹ میں مستحکم کرنے کی ترغیب دی ہے، ساتھ ہی پاکستان کے ثقافتی ورثے، ہنر اور تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔
ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی نے کہا کہ “میرا برانڈ پاکستان” پاکستان بزنس فورم اور الخدمت کے اشتراک سے منعقد ہونے والی ایک قومی مہم کا حصہ تھی، جس کا مقصد اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ اور میڈ اِن پاکستان کے تصور کو فروغ دینا تھا
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہمیشہ نوجوانوں میں ہنر مندی اور خود کفالت کو فروغ دینے پر زور دیتی رہی ہے، اور یہ نمائش اسی وژن کی عملی مثال ہے۔
صدر حلقہ لاہور عظمیٰ عمران نے بتایا کہ یہ پلیٹ فارم خاص طور پر خواتین ہنر مندوں، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار اور نوجوانوں کے لیے ترتیب دیا گیا تھا۔ نمائش میں مختلف صنعتوں سے تعلق رکھنے والے برانڈز کو نمائندگی ملی، جن میں ٹیکسٹائل، فیشن ،ملبوسات دستکاری، فوڈ انڈسٹری
• ٹیکنالوجی اور ای کامرس شامل ہیں۔
یہ تمام شعبے نوجوانوں کے لیے باعزت روزگار اور روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔