جماعتِ اسلامی پاکستان کے اجتماعِ عام کی مرکزی کمیٹی حلقہ خواتین کا اہم اجلاس مرکز خواتین منصورہ میں ناظمہ اجتماعِ عام و ڈپٹی سیکرٹری حلقہ خواتین جماعتِ اسلامی پاکستان ثمینہ سعید کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں اجتماعِ عام کی تیاریوں اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اجتماعِ عام سے متعلق مختلف کمیٹیوں کی پلاننگ اور ورکنگ کی موجودہ صورتِ حال کا جائزہ لینے اور رہنمائی فراہم کرنے کے لیے میٹنگز کے دوسرے مرحلے کا آغاز کیا جائے گا۔ اس مرحلے میں کمیٹیوں کی مکمل ٹیمیں اور متعلقہ کارکنان شریک ہوں گے۔پلان کے مطابق، پہلے سیشن میں خواتین کانفرنس، منی اسٹیج، دعوتی کمیٹی، بیرونی مندوبین، پروٹوکول اور گائیڈز کے ساتھ مشاورتی میٹنگز ہوں گی،
جب کہ اسی روز دوسرے سیشن میں یوتھ کیمپ، اسٹالز کمیٹی اور تزئین و آرائش کمیٹی کے ساتھ تفصیلی نشست منعقد کی جائے گی۔اس موقع پر ناظمہ اجتماعِ عام ثمینہ سعید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اجتماعِ عام ایک عظیم دینی، دعوتی اور تنظیمی سرگرمی ہے جس کے ہر پہلو میں نظم و ضبط، بہترین منصوبہ بندی اور کارکنان کے جذبے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام کمیٹیاں اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے ادا کریں تاکہ اجتماعِ عام کو مثالی اور موثر بنایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ اجتماعِ عام صرف ایک پروگرام نہیں بلکہ ایک تحریک کا پیغام ہے جو دین کی سربلندی، اصلاحِ معاشرہ اور قومی بیداری کی علامت ہے۔ ثمینہ سعید نے تمام ٹیموں کی محنت، نظم اور جذبے کو سراہا اور ان کی بہترین تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا- اجلاس میں نائب ناظمہ اجتماع راشدہ شاہین نائب ناظمہ اجتماع شاہینہ طارق ،معاون ناظمہ اجتماع شاہدہ انصاری ، طاہرہ مقصود ،منیرہ نذیر ، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات شہناز عاصمہ نے شرکت کی
