May 2nd, 2024 (1445شوال23)

لاقانونیت اور اختیارات کو عوامی استحصال کے لئے استعمال کرنے کا رجحان،خواتین اور بچیاں بھی محفوظ نہیں۔ڈاکٹر حمیرا طارق

 ٹرین میں خاتون پر پولیس اہلکار کے تشدد اور کراچی ایئرپورٹ پر سیکیورٹی اہلکار کے بچی کو گرانے کے واقعے پر ڈاکٹر حمیرا طارق کی شدید مذمت 

حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق نے ملت ایکسپریس میں چلتی ٹرین میں خاتون اور بچے پر پولیس اہلکار کے تشدد اور بعد ازاں خاتون کی لاش ملنے پر شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شریک جرم اہلکار کی  ضمانت منسوخ کر کے فوری گرفتاری اور قرار واقعی سزا دی جائے ۔علاوہ ازیں ڈاکٹر حمیرا طارق نے کراچی ایئرپورٹ پر شقی القلب سیکیورٹی اہلکار کے باتھوں معصوم بچی کو بالوں سے پکڑ کر زمین پر گرانے کے شرمناک  واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں لا قانونیت اور اختیارات کو عوامی استحصال کے لئے استعمال کرنے کا رجحان خطرناک حد تک بڑھ چکا ہے کہ خواتین اور بچیاں بھی اس سے محفوظ نہیں ہیں ۔انھوں نے مذید کہا کہ خواتین پر تشدد کے متعدد بلز منظور  ہونے کے باوجود ریاست عملدرآمد کروانے میں ناکام رہی ہے، پے در پے ہونے والے واقعات اس بات کا ثبوت ہیں کہ خواتین تشدد کا شکار اور انصاف سے تا حال محروم ہیں ۔ جماعت اسلامی نے ہمیشہ خواتین کے حقیقی مسائل کی نشاندہی اور ان پر ظلم و جبر کی مذمت کی ہے۔اور حالیہ پر تشدد واقعات میں ملوث اہلکاروں کو قرار واقعی سزا دلوانے تک  آواز اٹھاتی رہے گی۔