سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے “جینے دو کراچی کو” کے عنوان سے منعقد ہونے والے عظیم الشان اور تاریخی ملین مارچ کی شاندار کامیابی پر اللہ رب العزت کا شکر ادا کرتے ہوئے اہلِ کراچی بالخصوص شہر کی باہمت اور باشعور خواتین کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ کراچی کی خواتین نے گھروں سے نکل کر، سخت حالات کے باوجود، جس جوش، نظم و ضبط اور شعور کا مظاہرہ کیا وہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ کراچی کی مائیں، بہنیں اور بیٹیاں اب اپنے شہر کے مستقبل پر کوئی سمجھوتہ کرنے کو تیار نہیں۔ خواتین کی بڑی تعداد میں شرکت نے اس ملین مارچ کو ایک مضبوط عوامی تحریک میں تبدیل کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ مارچ سانحہ گل پلازہ کے شہداء کے ساتھ یکجہتی، لاپتہ افراد کے لیے آواز، ڈمپر مافیا کو لگام دینے کے حربے اور کراچی کے بنیادی مسائل—امن، روزگار، ٹرانسپورٹ، پانی، بجلی اور بلدیاتی حقوق کے حل کے لیے ایک فیصلہ کن قدم ہے۔ یہ شاندار ملین مارچ اس بات کا اعلان تھا کہ کراچی مزید غفلت، نااہلی اور کرپشن برداشت نہیں کرے گا۔
ڈاکٹر حمیرا طارق نے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مخلص اور جرات مندانہ قیادت میں کراچی کے عوام خصوصاً خواتین کو ایک باوقار اور مؤثر پلیٹ فارم میسر آیا۔
انہوں نے امید ظاہر کی اور دعا کی کہ
اللہ تعالیٰ اس جدوجہد کو قبول فرمائے، شہداء کو اعلیٰ درجات عطا کرے، متاثرہ خاندانوں کو صبرِ جمیل دے، اور کراچی کو امن، انصاف اور ترقی کا گہوارہ بنائے۔
اللہ تعالیٰ اہلِ کراچی بالخصوص شہر کی خواتین کی اس جدوجہد کو بارآور فرمائے-
