حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق نے مرکزی حرم فورم کے زیر اہتمام منعقدہ مدرسات حج و عمرہ ٹریننگ پروگرام سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کا حج و عمرہ ٹریننگ پروگرام درحقیقت نبوی مشن ﷺ کی تکمیل کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ یہ محض مناسکِ حج کی تربیت نہیں بلکہ ایک روحانی اور فکری تربیت کا جامع عمل ہے، جو افراد کو اقامتِ دین کے عظیم مشن کے لیے تیار کرتا ہے۔
ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی حیاتِ مبارکہ صرف عبادات یا رسومات تک محدود نہیں تھی بلکہ وہ ایک ہمہ جہت جدوجہد کا عملی نمونہ تھی۔ اس جدوجہد کی اصل روح اللہ تعالیٰ کے ساتھ گہرا تعلق، اخلاص، للّٰہیت، اور روحانیت تھی۔ آج ہمیں ضرورت ہے کہ ہم اس مشن کی گہرائی کو سمجھیں اور اس کے تقاضوں کے مطابق خود کو تیار کریں۔ یہی وجہ ہے کہ مدرسات کی تربیت میں محض مناسک کا سیکھنا کافی نہیں، بلکہ روحانیت، تعلق باللہ، اور دعوت و اقامت دین کے شعور کو اجاگر کرنا بھی لازم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قرآن پاک کو محض تلاوت یا الفاظ کی تکرار تک محدود کر دینا، اس کے انقلابی پیغام کو نظر انداز کرنے کے مترادف ہے۔ قرآن، سیرت اور دینی واقعات کو صرف تاریخی حوالے کے طور پر پیش کرنا ایک بڑی کوتاہی ہے، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ یہ سب ہمارے لیے عملی رہنمائی کا ذریعہ ہیں۔
ڈاکٹر حمیرا طارق نے واضح کیا کہ دین کی دعوت دینے والی خواتین کے لیے للّٰہیت، تقویٰ اور روحانی استقامت بنیادی صفات ہیں۔ اقامت دین کی جدوجہد صرف علمی یا سیاسی کوشش نہیں، بلکہ یہ دل کی گہرائی سے اٹھنے والی روحانی تحریک ہے، جو صرف اللہ کی رضا کے لیے کی جاتی ہے۔
ڈپٹی سیکرٹری اور ڈائریکٹر میڈیا سیل ثمینہ سعید نے مدرسات کو تلقین کی کہ وہ خود بھی اس پیغام کو گہرائی سے سمجھیں، اپنی زندگیوں کو اس کے مطابق ڈھالیں اور دوسروں تک بھی اس شعور کو منتقل کریں تاکہ ہماری نسلیں شعوری طور پر ایک زندہ امت بن سکیں۔۔
دعوت وابلاغ ڈیپارٹمنٹ کےحرم فورم ڈیسک کی نگران حمیرا جبیں نے کہا کہ عمرہ کی نیت میں یکسوئی اور دعا کا بڑا اہم کردار ہے یہ زیادہ سے زیادہ برکت اور ثواب کے حصول کا ذریعہ ہے -عمرہ کے طریقہ کار میں احرام اور طواف فرض ہیں جبکہ سعی واجب ہے ـ عمرہ کی ادائیگی میں فرائض و واجب ارکان کا واضح علم ہونا بہت ضروری ہے- حمیرا یاسمین نے فقہی مسائل پر لیکچر دیا -