سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق کی جانب سے جماعت اسلامی ضلع سیالکوٹ کی خواتین کے وفد نے سوات میں جاں بحق ہونے والے ایک ہی خاندان کے متعدد افراد کی رہائش گاہ پر سوگواران سے ملاقات کی اور شہادت پر تعزیت اور شہدا کے لیے بلندی درجات کی دعا کی۔اس موقع پر اہل محلہ کی بڑی تعداد بھی وہاں موجود تھی۔حلقہ خواتین جماعت اسلامی کے وفد نے ورثا کو سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق کا تعزیتی پیغام بھی پہنچایا اور سوگواران کے ساتھ گہری ہمدری کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی غمزدہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔ جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ کی بھرپور قانونی مدد کی پیشکش بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ اس سانحے پرپوری قوم صدمے میں ہے اور ملک بھر کے عوام کے دل غمگین اور افسردہ ہیں۔ انسانی جانیں چلی گئی ہیں مگر وزرا کو اپنے مشاغل سے فرصت نہیں ، آفت اور آزمائش کے ان لمحات میں حکومتی اراکین کی بے حسی افسوسناک اور شرمناک ہے۔ وفد نے کہا کہ اب عوام کو احساس ہونا چاہیے انہوں نے کیسے بے حس لوگوں کو بطور حکمران مسلط کیا ہوا ہے جو ان کی دکھ تکلیف میں آگے بڑھ کر سنبھالا دینے والے نہیں ہیں، جماعت اسلامی ہمیشہ ہنگامی صورتحال میں عوامی مدد اور آفات سے نمٹنے میں اپنا کردار ادا کرتی رہی ہے۔ سانحہ سوات وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی سنگ دلی کی بدترین مثال ہے اور ماضی میں بھی ایسی سیکڑوں مثالیں ریکارڈ میں موجود ہیں ، اب موسم برسات کی آمد آمد ہے اور اس کی کوئی تیاری عملاً دکھائی نہیں دے رہی ، جگہ جگہ جوہڑ ،تالاب اور گڑھوں کی موجودگی میں حادثات ایک قدرتی عمل ہے۔