January 2nd, 2025 (1446رجب3)

27 اکتوبر وہ سیاہ دن ہے جب بھارت نے سرزمین جموں وکشمیر پر زبردستی قبضہ کر کے کشمیریوں کو بنیادی حق آزادی سے محروم کر دیا - ڈاکٹر حمیرا طارق

27 اکتوبر کو جماعت اسلامی یوم سیاہ منائے گی ۔ ڈاکٹر حمیرا طارق 

  کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ۔ کشمیر کی آزادی کشمیریوں کا بنیادی حق ہے اور دُنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں کو ان کے حق خود ارادیت سے محروم نہیں کر سکتی ۔ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کی آزادی کی اس جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ان خیالات کا اظہار سیکریٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے 27 اکتوبر یوم سیاہ  کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر بھارتی فوج کے جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضے کا دن ہے۔مقبوضہ کشمیر میں نو لاکھ سے زائد بھارتی فوجی ظلم و ستم کا بازار گرم کیے ہوئے ہیں جس کے نتیجے میں لاکھوں کشمیری مسلمان شہید اور زخمی ہو چکے ہیں - کشمیری عوام پر عرصہ حیات تنگ کر دیا گیا ہے_اپنے دفاع اور تشخص کی خاطر کشمیری عوام نے مزاحمتی  جدوجہد کا اغاز کیا اور یہ جدوجہد مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک جاری رہے گی ۔ کشمیری بھائیوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔ یوم سیاہ کے حوالے سے اپنے پیغام میں ڈاکٹر  حمیرا طارق نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت کشمیر کی آزادی تک جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سات دہائیوں سے کشمیری عوام جس طرح بھارتی سرکار کے ظلم و ستم کا شکار ہیں وہ نہایت ہی قابل مذمت ہے۔  کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے کیلئے بھارت آئے روز نئے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے ۔آج بھی درجنوں کشمیری رہنما اور سیاسی کارکن  اپنے وطن سے دور بھارتی جیلوں میں قید ہیں- جس طرح مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام اپنی جدوجہد آزادی کیلئے بھارتی فوج کا مقابلہ کر رہے ہیں وہ قابل تعریف ہے۔ اُنہوں نے مذید کہا کہ ان شاءاﷲ کشمیری عوام کی جدوجہد ضرور کامیاب ہو گی اور وہ امن او ر خوشحالی کے ساتھ ایک نئی اور آزاد زندگی کا سفر جلد شروع کریں گے ۔ ڈاکٹر حمیرا طارق نےکہا کہ اقوام عالم کا فرض ہے کہ وہ بھی مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی آواز بنیں تاکہ بھارت پر یہ بات واضح ہو جائے کہ دُنیا ریاستی جبر کے خلاف مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ ہے اور ان کے اُصولی موقف کی تائید کر تی ہے۔ انہوں نے  انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیں اور اس سلسلے میں اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر من و عن عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ مظلوم کشمیریوں کی جانب سے آزادی کی پر امن تحریک انسانی حقوق کے حصول کی ایک لازوال جدوجہد اور مثال ہے جسے کسی صورت دبایا نہیں جاسکتا ۔اُنہوں نے عالمی طاقتوں پر ایک بار پھر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کشمیری عوام کی آزادی کی اس تحریک کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کریں