November 9th, 2026 (1448جمادى الأولى28)

فکرِ اقبال محض شاعری نہیں، خودی کی بیداری اور امت کی نشاۃِ ثانیہ کا پیغام ہے، نئی نسل اقبال کے شاہینوں جیسا کردار اپنائے: ڈاکٹر حمیرا طارق

 سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے یومِ اقبال کے موقع پر اپنے خصوصی بیان میں کہا ہے کہ علامہ محمد اقبالؒ کا پیغام آج بھی امتِ مسلمہ کے لیے خودداری، خود اعتمادی اور عمل و جدوجہد کا پیغام ہے۔ اقبال نے مسلمانوں کو اپنی پہچان اور مقصدِ زندگی سمجھنے اور خودی و یقین کے ساتھ آگے بڑھنے کا درس دیا۔
انہوں نے کہا کہ اقبال کے خواب کی تعبیر کے لیے ضروری ہے کہ ان کے افکار کو محض تقریبات اور شاعری تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ اپنی زندگی، کردار اور قومی ترجیحات کا حصہ بنایا جائے۔ اقبال ایک ایسے پاکستان کے خواہاں تھے جہاں اسلامی تعلیمات، عدل و انصاف اور انسانی احترام کا بول بالا ہو -
ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ نئی نسل کو اقبال کے شاہینوں کی طرح بلند حوصلہ، خود اعتماد اور باکردار بننا ہوگا۔ نوجوان مایوسی اور احساسِ کمتری سے نکل کر علم، تحقیق اور مثبت عمل کے ذریعے ملک و ملت کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔ خواتین بھی نسلوں کی تربیت اور معاشرے کی تعمیر میں اہم ذمہ داری رکھتی ہیں۔ مائیں اپنی اولاد میں ایمان، خودداری، علم دوستی اور اعلیٰ اخلاق کی بنیاد مضبوط کریں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایسے افراد اور قیادت کی ضرورت ہے جو ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر دیانت، عدل اور اسلامی اقدار کے مطابق قومی ذمہ داریاں ادا کریں۔ قوموں کی ترقی صرف خواب دیکھنے سے نہیں بلکہ بلند کردار، پختہ عزم اور مسلسل جدوجہد سے ممکن ہوتی ہے۔
ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ آج یومِ اقبال پر ہم ان کی اس فکر کو بھی یاد کرتے ہیں جس کا محور اتحادِ بین المسلمین ہے۔ یہی وہ فکر ہے جس میں مسلمانوں کے وقار، خوشحالی اور ترقی کی راہیں پوشیدہ ہیں۔ وقت کا تقاضا ہے کہ مسلمان باہمی اختلافات سے بالاتر ہو کر اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور اپنی اجتماعی قوت کو امت کی سربلندی کے لیے بروئے کار لائیں۔