سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے 19 جولائی یومِ الحاقِ پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 19 جولائی 1947 کا تاریخی دن کشمیری عوام کی پاکستان سے نظریاتی، تاریخی اور قلبی وابستگی کا مظہر ہے۔ کشمیری عوام نے پاکستان سے الحاق کے جس عزم کا اظہار کیا تھا، وہ آج بھی اپنی جدوجہد اور قربانیوں کے ذریعے اس پر ثابت قدم ہیں۔
ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری رکھے ہوئے ہے، مگر ظلم و جبر کشمیری عوام کے جذبۂ آزادی کو ختم نہیں کر سکا۔ کشمیری مرد، خواتین اور نوجوان حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے مسلسل قربانیاں دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم، بالخصوص پاکستان کی خواتین، اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہیں اور ان کی سیاسی، سفارتی، اخلاقی اور انسانی حمایت جاری رکھیں گی۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ بھارتی مظالم کا نوٹس لے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دلانے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔
ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کا کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دینا آج بھی ایک ناقابلِ تردید حقیقت ہے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ کشمیری عوام کی لازوال قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی، آزادی کی منزل قریب آئے گی اور ظلم کا نظام ہمیشہ کے لیے شکست سے دوچار ہوگا۔
