September 1st, 2024 (1446صفر27)

کامیاب قوموں کی زندگی میں علم ، حکمت اور بصیرت چراغ منزل رہے ہیں-ڈاکٹر حمیرا طارق

سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق کا منصورہ میں  شعبہ تحقیق و تالیف جامعات المحصنات کے زیر اہتمام  کتاب "شریعت اور  عقل" کی تقریب رونمائی سے خطاب
 

احکام و مقاصد کی تفہیم میں شریعت ہی اصل سرمایہ ہے لیکن  شریعت کی تفہیم میں عقل کا مقام اور دائرہ بہت اہم ہے -ہر بات کو دلائل سے ثابت کرنا دراصل عقل ہے اور یہی آج کے نوجوان کا اہم مسئلہ ہے کہ وہ احکام شریعت پر عمل پیرا ہونے سے پہلے ان کو عقل کی کسوٹی پر پرکھنا اور دلائل سے سمجھنا چاہتا ہے -
ان  خیالات کا اظہار سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے ادارہ معارف اسلامی میں شعبہ تحقیق و تالیف جامعۃ المحصنات کے زیر اہتمام کتاب "شریعت اور عقل" کی تقریب رونمائی سے خطاب کے دوران کیا- 
انہوں نے کہا کہ کامیاب قوموں کی زندگی میں علم ، حکمت اور بصیرت چراغ منزل رہے ہیں-اج کا کامیاب مدبر وہی ہے جو عقلی دلائل سے اپنی بات کو ثابت کر دے اور دوسروں کو قائل کر لے - یہی ہمارے سلاطین اولین اور بزرگان دین کا شیوہ رہا ہے -انہوں نے کہا کہ اولیاء کرام نے ایک ایک حکم کی حکمت کو ثابت کیا- احکام دینیہ کی حکمت پر علامہ ابن قیم رحمۃ اللہ علیہ ،حضرت شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ، امام غزالی رحمت اللہ علیہ، مولانا اشرف علی تھانوی رحمۃ اللہ علیہ اور مولانا مودودی رحمۃ اللہ علیہ نے بیش بہا کام کیا ہے اور  افراد کو قائل کرنے کے لیے تمام احکام دینیہ کی حکمتیں بیان کی ہیں-
اب اپ کے کرنے کا کام یہی ہے کہ  مقاصد شریعہ کے ایک ایک مقصد پر تمام حکمتیں نکال کے رکھنے کی ضرورت ہے اور اسے آج کی زبان  اور تقاضے کے مطابق تحریر کریں-
انہوں نے مزید کہا کہ علم  بڑھانے کا مقصد کتابوں میں اضافہ نہیں - تحریر کا مقصد اس ذہن کو یکسو کرنا ہے جو سائنس اور ٹیکنالوجی کے تناظر میں کئ پہلوؤں سے سوالات اٹھاتا ہے -
نوجوان نسل کے ذہنوں کے مدوجذر میں اٹھنے والی لہروں کو پر سکون کر دینے والا ہی دراصل آج کا سکالر ہے-