September 4th, 2025 (1447ربيع الأول11)

وطن عزیز میں غیر اخلاقی اور شریعت سے متصادم تقریبات کا انعقاد اللہ کے غضب کو دعوت دینے کے مترادف ہے- ثمینہ سعید

سابقہ ممبر بلوچستان اسمبلی اور ڈائریکٹر میڈیا سیل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ سعید نے کہا ہے کہ ایک جانب بارشوں اور سیلاب نے خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں تباہی مچائی، سینکڑوں افراد جاں بحق اور ہزاروں متاثر ہوئے، جس پر پوری قوم غمزدہ ہے، دوسری طرف وطن عزیز میں ایسی خبریں سامنے آ رہی ہیں جو اخلاقی و دینی اقدار کے منافی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں لاہور میں ایک ایسی تقریب کا انعقاد ہوا جس میں بے حیائی اور فحاشی کے تمام حدود پامال کر دیے گئے۔ یہ اقدامات نہ صرف معاشرتی اقدار کو نقصان پہنچاتے ہیں بلکہ آئین پاکستان اور اسلامی تعلیمات سے بھی متصادم ہیں۔

ثمینہ سعید نے کہا کہ حکومت نے اس تقریب کا نوٹس لینے اور کاروائی کا عندیہ دیا ہے، جبکہ پنجاب کی سینئر وزیر کے اس بیان کا خیر مقدم کیا کہ اس قسم کی سرگرمیوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ اگر اس طرح کے غیر اخلاقی رجحانات کو روکا نہ گیا تو معاشرہ اور آنے والی نسلیں شدید تباہی سے دوچار ہوں گی۔ مغربی ایجنڈے کے تحت ان رجحانات کو فروغ دینے کی کوششیں ہو رہی ہیں، جن سے ہمیں اپنی نسلوں کو محفوظ رکھنا ہوگا۔

ثمینہ سعید نے کہا کہ پارلیمنٹ، عدلیہ، میڈیا اور تمام ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ ایسے اقدامات کو سختی سے روکا جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آئین پاکستان اور اسلامی نظریات کے خلاف کسی قسم کے قانون یا پالیسی کو جگہ نہیں دی جا سکتی