سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی سیاست کا مرکز اقتدار نہیں بلکہ انسانیت کی خدمت ہے۔ صحت، تعلیم اور فلاحِ عامہ کے میدان میں جماعت اسلامی کے منصوبے اس بات کا ثبوت ہیں کہ خدمتِ خلق ہی ہمارے دین کی حقیقی روح ہے۔ ڈاکٹر حمیرا طارق نے
منصورہ ہسپتال میں ڈاکٹر فوزیہ اور ان کے اہلِ خانہ کی جانب سے قائم کردہ فری میموگرافی ڈائیگناسٹک سینٹر کا دورہ کیا، بعد ازاں انہوں نے بحریہ ٹاؤن میں منعقدہ پی پی 165 اور پی پی 166 کے فہم القرآن کورس کی مربیات اور شرکاء کی مرکزی نظم کے ساتھ خصوصی نشست میں شرکت کی ۔
منصورہ ہسپتال کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ بریسٹ کینسر کی بروقت تشخیص ہزاروں خواتین کی زندگیاں بچا سکتی ہے۔ ڈاکٹر فوزیہ اور ان کے اہلِ خانہ کی جانب سے قائم کیا گیا یہ فری میموگرافی ڈائیگناسٹک سینٹر ایک عظیم صدقۂ جاریہ اور معاشرے کے لیے قابلِ تقلید مثال ہے۔
ڈاکٹر حمیرا طارق نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی ہمیشہ ایسے فلاحی منصوبوں کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی کرتی رہے گی جو انسانی جانوں کے تحفظ، معاشرتی خیر اور اللہ کی رضا کے لیے قائم کیے جائیں۔ خدمتِ خلق کا یہی جذبہ ایک مضبوط، باوقار اور رحم دل معاشرے کی بنیاد بنتا ہے۔
بعد ازاں بحریہ ٹاؤن میں پی پی 165 اور پی پی 166 کے فہم القرآن کورس کی مربیات اور شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ "قرآن مجید صرف پڑھنے کی نہیں بلکہ سمجھنے، اپنانے اور معاشرے میں نافذ کرنے کی کتاب ہے۔ آج امتِ مسلمہ کو درپیش اخلاقی، خاندانی اور سماجی بحرانوں کا حقیقی حل قرآن کی تعلیمات سے وابستگی میں پوشیدہ ہے۔"
انہوں نے کہا کہ "فہمِ قرآن انسان کے کردار، خاندان اور معاشرے میں مثبت تبدیلی پیدا کرتا ہے۔ جب خواتین قرآن کو سمجھ کر اپنی زندگیوں کا حصہ بناتی ہیں تو اس کے اثرات آنے والی نسلوں تک منتقل ہوتے ہیں اور ایک صالح معاشرہ تشکیل پاتا ہے۔مربیات کے ساتھ خصوصی نشست میں ڈاکٹر حمیرا طارق نے مربیات کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کا پیغام گھروں تک پہنچانے والی مربیات دراصل معاشرے کی فکری اور اخلاقی تعمیر کی معمار ہیں، اور ان کی یہ محنت اللہ تعالیٰ کے ہاں بہترین اجر کی مستحق ہے۔
