May 30th, 2026 (1447ذو الحجة13)

حج اہل اسلام کی عالمگیر اخوت اور جذبہ تسلیم و رضا کا بہترین مظاہرہ ہے-ڈاکٹر حمیرا طارق -

حج عظیم الشان مالی ، بدنی اور روحانی عبادت ہے- یہ سنت  حضرت ہاجرہ علیہ السلام اور سنت ابراہیمی کی پیروی  ہے۔
فریضہ حج  ہمیں اللہ کی محبت عالمگیر اخوت ،بھائی چارے ایثار و قربانی اور جذبہ ایمانی کا درس دیتا ہے۔اس فریضہ کی اصل روح پورے عالم اسلام کی کل وقتی اطاعت اور تسلیم و رضا میں پوشیدہ ہے۔ان خیالات کا اظہار سیکریٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے یوم حج کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔انہوں نے کہا کہ  حج کے دوران لاکھوں عازمین حج حضرت ہاجرہ علیہ السلام کی سنت کی پیروی میں صفا و مروہ کی سعی کرتے ہیں- عورت کی عزت و تکریم کا مظہر قیامت تک کے لئے حج جیسی عظیم عبادت کا حصہ قرار پایا - بی بی حاجرہ علیہ السلام نے اطاعت خداوندی کی جو عظیم مثال قائم کی، وہ رہتی دنیا تک خواتین اسلام کے لیے روشن مثال ہے۔  انہوں نے مزید کہا کہ دور حاضر میں فلسطین میں حضرت ابراہیم علیہ السلام کے حقیقی وارثوں نے ایمان و یقین اور قربانی کی وہ تاریخ رقم کی جو قیامت تک اہل ایمان کے لیے مشعل راہ  ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج امت مسلمہ کے دکھوں کا مداوا فریضہ حج کے اصل مقصد کو پالینے میں مضمر ہے ۔
ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ فریضہ حج کی ادائیگی کی اصل روح  یہی ہے کہ مسلمانوں اللہ کی رضا کے حصول کے لئے  ایک چٹان کی طرح متحد ہو جائیں، حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت کو سامنے رکھتے ہوئے دین کی خاطر تکالیف کو صبر و ہمت سے برداشت کریں اور حج کی حقیقی روح تقوی اور وحدت اسلامی  کے حصول کے لیے کوشاں رہیں۔ڈاکٹر حمیرا طارق نے اس موقع پر تمام عازمین حج کو مبارکباد پیش کرتے ہوئےکہا کہ اللہ رب العزت ان کا حج قبول فرمائے اور امت مسلمہ کو وحدت، امن ، انصاف اور باہمی اتحاد کی دولت سے سرفراز فرمائے