سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعتِ اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے کراچی کے اہم تجارتی مرکز گل پلازہ میں پیش آنے والے المناک آتشزدگی کے واقعے پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ گل پلازہ میں آتشزدگی کی دلخراش خبر نے ہر درد مند دل کو غمزدہ کر دیا ہے۔ یہ حادثہ نہ صرف قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بنا بلکہ ہزاروں محنت کش خاندانوں کے روزگار کو بھی شدید نقصان پہنچا، جس کا دکھ الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔
ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ حلقہ خواتین جماعتِ اسلامی اس کٹھن گھڑی میں متاثرہ دکانداروں، زخمیوں اور جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے اور پوری قوم کی ہمدردیاں متاثرین کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے دعا کی کہ اللّٰہ سبحانہ وتعالیٰ جاں بحق ہونے والوں کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، پسماندگان کو صبرِ جمیل دے، زخمیوں کو جلد از جلد صحتِ کاملہ عطا فرمائے اور متاثرہ دکانداروں کے جانی و مالی نقصان کو اپنی غیبی مدد سے پورا فرمائے بلکہ اس سے
کہیں بہترین عطا کرے۔ڈاکٹر حمیرا طارق نے حکومتی اداروں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میگا سٹی ہے لیکن اس لاوارث شہر میں نہ فائر سیفٹی کا انتظام ہے نہ فائر بریگیڈ کے ناقص و ناکافی انتظامات میں چیک اینڈ بیلنس کا نظام ہے۔ شہری و صوبائی حکومتی ادارے بے حس اور خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔سٹی گورنمنٹ مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے
ڈاکٹر حمیرا طارق نے حکومتِ سندھ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کی جائیں، متاثرین کی فوری داد رسی اور معاوضے کو یقینی بنایا جائے اور مستقبل میں ایسے المناک حادثات کی روک تھام کے لیے مؤثر حفاظتی انتظامات کیے جائیں۔مذید برآں ڈپٹی سیکرٹریز ثمینہ سعید ، ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی،ڈاکٹر زبیدہ جبیں ، عطیہ نثار ،عفت سجاد ، عائشہ سید (سابقہ ایم این اے ) ، ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا سیل سعدیہ حمنہ اور سیکرٹری اطلاعات فریحہ اشرف نے بھی اس الم ناک واقعے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے
