February 7th, 2025 (1446شعبان9)

   اسلامی جمعیت طالبات ، ڈیجیٹل میڈیا کے پر فتن دور  میں راہ حق کی سچی لگن رکھنے والی طالبات کے لیے روشن مینار ہے-ڈاکٹر حمیراطارق                              

 سیکرٹری جنرل  حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کا اسلامی جمعیت طالبات کے سالانہ اجتماع ارکان سے خطاب 

          سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا ہے کہ اسلامی جمعیت طالبات کا ہر دور میں طالبات کی تربیت اور رہنمائی میں کلیدی کردار رہا ہے -  بہت سی این جی اوز اور انجمنیں  طالبات کےلیے کام کرنے میں مصروف عمل ہیں لیکن بات وژن اور مقاصد کی ہے - جمعیت کا مشن ہی قرآن و سنت کی روشنی میں طالبات کی اخلاقی تربیت ، تعلیمی مسائل کا حل اور تعلیم و تربیت میں بہترین  معاونت ہے - قیام پاکستان کی جدوجہد اور قیام پاکستان کے بعد نظریہ پاکستان کے تحفظ اور دفاع وطن میں جمعیت نے ہی طالبات کا عظیم الشان پلیٹ فارم منظم کیے رکھا- ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر حمیرا طارق نے اسلامی جمعیت طالبات کے سالانہ اجتماع سے خطاب کے دوران کیا -

 انہوں نے کہا کہ جمعیت طالبات ہی نوجوان نسل کو امت مسلمہ کے شاندار ماضی اور روشن مستقبل کی امید سے جوڑے ہوئے  ہے- ہر دور کی نوجوان نسل کو ثقافتی ورثے کا تحفظ اور اسلامی روایات کی پاسداری جمعیت نے سکھائی - انہوں نے کہا کہ ملک کے با اثر طبقات  اس بات کے گواہ ہیں  کہ اسلامی جمعیت طالبات ڈیجیٹل میڈیا کے پر فتن دور  میں راہ حق کی سچی لگن رکھنے والی طالبات کے لیے روشن مینار ہے- تربیت کردار سے لے کر پروفیشنل ڈویلپمنٹ تک ہر شعبے میں طالبات کی بہترین  رہنمائی جمعیت کی پہچان ہے- دور حاضر کے پیچیدہ مسائل کے حل  میں جمعیت اک  شجر سایہ دار ہے اور ہمیشہ رہے گی-