جماعتِ اسلامی حلقہ خواتین ضلع گڈاپ کراچی کے زیرِ اہتمام فہم القرآن کورس کے شرکاء کے لیے خصوصی نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں مدرسات، مربیات، فہم القرآن کلاسز کی شرکاء، ناظماتِ علاقہ اور ذمہ داران نے بھرپور شرکت کی۔ پروگرام کی مہمانِ خصوصی ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعتِ اسلامی حلقہ خواتین پاکستان ثمینہ سعید تھیں۔اپنے خصوصی خطاب میں ڈپٹی سیکرٹری جنرل ثمینہ سعید نے کہا کہ قرآنِ حکیم صرف تلاوت کی کتاب نہیں بلکہ زندگی کے ہر شعبے کے لیے مکمل رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔ فہمِ قرآن کی تحریک دراصل ایک ایسے فکری، اخلاقی اور معاشرتی انقلاب کی بنیاد ہے جو فرد، خاندان اور معاشرے کی مثبت تعمیر کا ذریعہ بنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج امتِ مسلمہ کو جن فکری، اخلاقی اور سماجی چیلنجز کا سامنا ہے، ان کا مؤثر حل قرآن سے مضبوط تعلق اور اس کی تعلیمات کو عملی زندگی میں نافذ کرنے میں مضمر ہے۔ فہمِ قرآن کلاسز خواتین میں دینی شعور، فکری پختگی اور دعوتی صلاحیتوں کے فروغ کا اہم ذریعہ بن رہی ہیں۔ ثمینہ سعید نے ضلع غربی کی ممبر سازی مہم کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ ممبر سازی مہم میں حاصل ہونے والی نمایاں پیش رفت اس بات کا ثبوت ہے کہ خواتین میں دین کی دعوت اور اقامتِ دین کے شعور کو فروغ دینے کی کوششیں بارآور ثابت ہو رہی ہیں۔ یہ کامیابی کارکنان کی محنت، اخلاص اور مسلسل جدوجہد کا نتیجہ ہے، جسے مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ ہر رکن اور کارکن قرآن سے اپنے تعلق کو مضبوط بناتے ہوئے معاشرے میں خیر، اصلاح اور دعوتِ دین کے پیغام کو عام کرنے میں اپنا فعال کردار ادا کرے تاکہ ایک صالح، باکردار اور اسلامی معاشرے کی تشکیل کا خواب حقیقت بن سکے۔پروگرام کے دوران فہم القرآن کورس کے اغراض و مقاصد، آئندہ منصوبہ بندی اور تنظیمی سرگرمیوں پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا، جبکہ شرکاء نے قرآن فہمی کی اس بابرکت کاوش کو مزید مؤثر اور وسیع پیمانے پر جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔اس موقع پر ناظمہ کراچی جاویداں فہیم، نائب ناظمہ کراچی سمیعہ اسلم، ندیمہ تسنیم، فرح عمران، ناظمہ ضلع غربی ارجمند شوکت اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھیں۔
