عیدالفطر رب العالمین کا عطا کردہ وہ عظیم تہوار ہے جو رمضان المبارک کی پرنور ساعتوں کے اختتام پر امت مسلمہ کو بطور انعام دیا جاتا ہے۔ یہ خوشی کا موقع جہاں شکرگزاری کا تقاضا کرتا ہے وہیں امت کے اتحاد و اتفاق کے اظہار کا بھی بہترین موقع ہے، بالخصوص ایسے وقت میں جب مسلم امہ کڑی آزمائشوں اور امتحانات سے گزر رہی ہے۔
عیدالفطر کے موقع پر حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق نے اپنے بیان میں کہا کہ رمضان المبارک تقویٰ، صبر اور باہمی خیر خواہی کا وہ عظیم مہینہ ہے جو مسلمانوں کو پورے سال ایمان و استقامت کے ساتھ کھڑا رہنے کی تربیت دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عیدالفطر کا تہوار ایسے حالات میں آیا ہے جب امت پر بیرونی قوتیں اس طرح ٹوٹ پڑی ہیں جیسے بھوکے دسترخوان پر ٹوٹ پڑتے ہیں، اور امت محمدیہ لہو لہو ہے۔
انہوں نے مذید کہا کہ انبیاء کی سرزمین کئی عیدوں سے مظلوم ہے، مسجد اقصیٰ کی حفاظت کے لیے فلسطینی عوام بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں۔ زخموں سے چور، شہداء کو سپردِ خاک کرتے ہوئے، بھوک اور پیاس کے باوجود وہ ثابت قدمی سے کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر بدستور ظلم کا شکار ہے جبکہ دیگر مسلم ممالک بھی مسلسل آزمائشوں سے گزر رہے ہیں۔ تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی باطل قوتوں نے غرور کیا، وہ زمین بوس ہوئیں، کیونکہ بڑائی صرف اللہ تعالیٰ کا حق ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ پوری دنیا کے مسلمان تمام اختلافات بھلا کر ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائیں اور اتحاد و یکجہتی کا عملی مظاہرہ کریں۔
انہوں نے عیدالفطر کے موقع پر اپیل کی کہ اپنے مسلمان بھائیوں کو دعاؤں میں یاد رکھا جائے اور اپنے اردگرد موجود نادار، ضرورت مند اور سفید پوش افراد کو بھی اپنی خوشیوں میں شریک کیا جائے۔
آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ رمضان المبارک کی عبادات کو قبول فرمائے اور امت مسلمہ کو اتحاد و استقامت عطا کرے۔
ڈپٹی سیکرٹریز عطیہ نثار، ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی، عفت سجاد، ڈاکٹر زبیدہ جبیں، عائشہ سید، ڈائریکٹر میڈیا سیل ثمینہ سعید ، ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا سیل سعدیہ حمنہ، اور سیکرٹری اطلاعات فریحہ اشرف نے بھی ماہ صیام کی تکمیل اور عیدالفطر کی آمد پر عالم اسلام کو مبارکباد پیش کی
