August 20th, 2026 (1448ربيع الأول6)

مہنگائی کی وجہ سے مائیں بچوں کی بنیادی ضروریات پوری کرنے سے قاصر ہیں، حکومت پیٹرول لیوی ختم اور قیمتیں کم کرے، ثمینہ سعید

پیٹرول بھتہ ختم کرنے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری اور نمایاں کمی اور مہنگائی کے ستائے عوام کو حقیقی ریلیف دینے کے مطالبے پر جماعت اسلامی کے جاری دھرنے کے چوتھے روز لاہور سمیت مختلف علاقوں سے ہزاروں خواتین نے بھرپور شرکت کی۔ خواتین نے دھرنے میں شریک ہو کر مہنگائی، معاشی مشکلات اور عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف اپنے شدید احتجاج کا اظہار کیا۔
دھرنے میں قائم مقام سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ سعید، ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی، ڈاکٹر زبیدہ جبیں، ناظمہ وسطی پنجاب نازیہ توحید،، ناظمہ حلقہ لاہور عظمیٰ عمران سمیت خواتین رہنماؤں اور کارکنان کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
خواتین سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ سعید نے کہا کہ مہنگائی صرف اعداد و شمار کا مسئلہ نہیں بلکہ یہ ہر گھر کے سکون، خواتین کی صحت اور بچوں کے مستقبل کا مسئلہ بن چکی ہے۔ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ زندگی کی ہر ضرورت کو مہنگا کر دیتا ہے، جس کا سب سے زیادہ بوجھ گھر کی خواتین اٹھاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کی ماں اپنے بچوں کی اچھی پرورش، معیاری تعلیم اور بہتر خوراک کے لیے پریشان ہے۔ مہنگائی کے باعث کئی خاندان بچوں کو متوازن غذا فراہم کرنے سے قاصر ہیں، خواتین اپنی صحت کو نظر انداز کر کے گھر کا نظام چلانے پر مجبور ہیں۔ جب ماں ذہنی دباؤ اور معاشی پریشانی کا شکار ہو تو پورے گھر کا شیرازہ متاثر ہوتا ہے۔
ثمینہ سعید نے کہا کہ حالات نے عورت کو معاشی جدوجہد پر مجبور کر دیا ہے۔ وہ گھر کی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع تلاش کرنے پر مجبور ہے، مگر حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ایسے معاشی حالات پیدا کرے جہاں خاندان باعزت زندگی گزار سکیں، نہ کہ ہر روز نئی مشکلات کا سامنا کریں۔
انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو عوام کے مسائل کا احساس کرنا ہوگا۔ پیٹرول بھتہ فوری ختم کیا جائے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی جائے اور مہنگائی کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ عوام کی مشکلات کو نظر انداز کرنا کسی صورت درست نہیں۔ جماعت اسلامی کی یہ جدوجہد عوام کو معاشی انصاف اور ریلیف ملنے تک جاری رہے گی۔
ڈپٹی سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی نے پاکستان کے ہر گھر کو متاثر کیا ہے اور خواتین اس بحران کا سب سے بڑا سامنا کر رہی ہیں۔ پیٹرول مہنگا ہونے سے صرف سفر نہیں بلکہ خوراک، تعلیم، علاج اور روزمرہ ضروریات سب متاثر ہوتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خواتین اپنے خاندانوں کے مسائل کو سب سے زیادہ قریب سے جانتی ہیں، اس لیے وہ عوامی مسائل کے حل کے لیے میدان میں موجود ہیں۔ حکومت کو عوامی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے فوری ریلیف کے اقدامات کرنے چاہئیں۔

ناظمہ حلقہ لاہور عظمیٰ عمران نے کہا کہ دھرنے میں خواتین کی بھرپور شرکت عوامی حقوق کے لیے ان کے عزم کا اظہار ہے۔ خواتین اپنے خاندانوں کے بہتر مستقبل کے لیے اس جدوجہد میں اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔
دھرنے کے چوتھے روز لاہور بھر سمیت مختلف علاقوں سے شریک ہونے والی خواتین نے پیٹرول بھتے کے خاتمے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور مہنگائی سے نجات کے مطالبات کو دہرایا۔
خواتین رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی مسائل کے حل، معاشی انصاف اور باعزت زندگی کے حصول کے لیے پرامن جدوجہد جاری رکھی جائے گی