زخمی بچوں کے فوری علاج اور متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن امداد کا مطالبہ
سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق اور ڈپٹی سیکرٹریز ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی، عطیہ نثار،،عائشہ سید، ڈاکٹر زبیدہ جبیں اور ڈپٹی سیکرٹری و ڈائریکٹر میڈیا سیل ثمینہ سعید نے لاہور کے علاقے کاہنہ میں ٹیوشن سنٹر کی چھت گرنے سے 14 بچوں کے جاں بحق ہونے اور متعدد کے زخمی ہونے، جبکہ صوبہ سندھ کے ضلع عمرکوٹ میں اسکول کی دیوار گرنے کے نتیجے میں تین کم سن طالبات کے جاں بحق ہونے پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے مشترکہ تعزیتی بیان میں ڈاکٹر حمیرا طارق و ڈپٹی سیکرٹریز نے جاں بحق بچوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کے درجات بلند کرے، سوگوار خاندانوں کو صبرِ جمیل عطا فرمائے اور زخمی بچوں کو جلد از جلد مکمل صحت یاب کرے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ زخمی بچوں کو فوری، معیاری اور بلا تعطل طبی سہولیات فراہم کی جائیں، جبکہ ان افسوسناک واقعات کی شفاف تحقیقات کرکے ذمہ داران کا تعین کیا جائے تاکہ آئندہ ایسے سانحات سے بچاؤ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔
ڈاکٹر حمیرا طارق نے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن کی جانب سے جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکاروں کو امدادی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لینے کی ہدایت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد اور دلجوئی قومی و دینی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکار متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں فعال کردار ادا کرتے ہوئے دکھی خاندانوں کی ہر ممکن معاونت یقینی بنائیں گے۔
