July 16th, 2025 (1447محرم20)

احمد پور شرقیہ میں وین حادثے میں معصوم طالبات کے جھُلس کر جانبحق اور زخمی ہونے پرڈاکٹر حمیرا طارق کا اظہار افسوس

احمد پور شرقیہ کے قریب طالبات کی وین میں ایل پی جی سلنڈر پھٹنے سے جھلس کر جانبحق اور زخمی طالبات کے المناک واقعہ پر سیکریٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے ,انہوں نے کہا کہ سلنڈر پھٹنے  جیسے  دل دہلا دینے والے واقعات کا سلسلہ روز بروز بڑھتا جا رہا ہے، جو متعلقہ اداروں کی غفلت اور غیر سنجیدہ کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے , مذکورہ واقعہ ہائی ایس وین میں غیر قانونی ری فلنگ کی وجہ سے پیش آیا , انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہم متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں , ہم پنجاب حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ زخمی طالبات کو مفت اور بہترین علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں.اور معاوضہ ادا کیا جائے ۔علاوہ ازیں ڈپٹی سیکرٹریز عطیہ نثار، ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی ،ڈاکٹر زبیدہ جبیں ،عفت سجاد  ،عائشہ سید اور ڈپٹی سیکرٹری و ڈائریکٹر میڈیا سیل ثمینہ سعید نے اہل خانہ سے اپنے تعزیتی بیان میں المناک حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور  متاثرہ خاندانوں  سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے حکومت  سے فی الفور واقعے کی تحقیقات ،ذمہ دار عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے اور متاثرہ طالبات کے مکمل علاج کا مطالبہ کیا۔ انھوں نےزخمی طالبات کی جلد صحت یابی کی دعا کی -