جماعت اسلامی کے اجتماعِ عام میں شریک خواتین نے بھرپور نظم و ضبط، یکجہتی اور دینی جذبے کا مظاہرہ کیا۔یہ بات حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق نے اجتماع عام میں ملک بھر سے آنے والی خواتین سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہی ۔ڈاکٹر حمیرا طارق نے مذید کہا کہ اجتماع میں خواتین کی بھرپور شرکت بیداری اور نظام کی تبدیلی اور جدوجہد کا اظہار ہے ۔انھوں نے مذید کہا کہ خواتین نے تربیتی ، انٹرنیشنل اور یوتھ سیشنز سمیت ہر پروگرام اور سرگرمی میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ اور اہل خانہ سمیت خواتین کی شرکت اجتماع کی کامیابی کا بنیادی عنصر ہے۔ڈاکٹر حمیرا طارق نے ناظمہ اجتماع ثمینہ سعید اور ان کی ٹیم کو بھی خراج تحسین ہیش کیا۔ علاوہ ازیں ناظمہ اجتماع ثمینہ سعید نے اجتماع میں شریک خواتین سے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہر اس بہن کے شکر گزار ہیں جس نے اجتماع میں شرکت کرکے اجتماع کو کامیاب بنایا۔ خواتین کا نظم و ضبط، تحمل اور دینی شعور قابل قدر ہے۔خواتین کے جذبے نے ثابت کیا کہ معاشرے کی تعمیر میں خواتین کی جدوجہد سب سے مضبوط ستون ہے۔انہوں نے انتظامی کمیٹیوں اور رضاکار بہنوں کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری بہنوں نے جس محبت، عزم اور وحدت کے ساتھ اجتماعِ عام کے انتظام کو سنبھالا وہ ہمارے لیے حوصلہ، تقویت کا باعث تھا۔
