سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے ملک گیر ممبر سازی مہم کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ “بدل دو نظام” مہم دراصل پاکستان میں ایک مثبت، دیانتدار اور عوامی قیادت کے فروغ کی جدوجہد ہے، جس کے ذریعے جماعت اسلامی کا پیغام گھر گھر پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کا بنیادی مقصد عوام کو ان کے حق حکمرانی سے آگاہ کرنا اور انہیں ایک منظم پلیٹ فارم پر متحد کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس مہم کے دوران 50 لاکھ نئے ممبرز بنانے اور 20 ہزار عوامی کمیٹیاں تشکیل دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ یہ مہم 15 مئی تک جاری رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک تاریخی موقع ہے جس کے ذریعے ملک میں حقیقی تبدیلی کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔
ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکنان گلی محلوں، قصبوں اور دیہاتوں میں جا کر عوام سے براہ راست رابطہ کریں گے اور انہیں اس جدوجہد کا حصہ بنائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ نوجوانوں اور خواتین کو خصوصی طور پر متحرک کیا جا رہا ہے تاکہ ایک مضبوط اور باشعور معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جدید تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے آن لائن ممبرشپ کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد آسانی کے ساتھ اس مہم میں شامل ہو سکیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یہ مہم ملک میں شفافیت، دیانت اور عوامی فلاح کے نظام کے قیام کی جانب ایک مؤثر قدم ثابت ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کو درپیش مسائل کا واحد حل نظام کی حقیقی تبدیلی میں ہے، اور یہی پیغام لے کر جماعت اسلامی کے کارکنان عوام کے درمیان جائیں گے۔
آخر میں انہوں نے تنظیمی ذمہ داریوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق ،ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر زبیدہ جبیں کےہمراہ خیبر پختونخوا میں خود رابطہ عوام مہم کا آغاز کریں گی اور اس کی نگرانی کریں گی، جبکہ ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی وسطی پنجاب میں رابطہ عوام مہم کی قیادت کریں گی۔ اسی طرح ڈپٹی سیکرٹری ثمینہ سعید شمالی پنجاب کی نگرانی کریں گی، جبکہ ڈپٹی سیکرٹری عفت سجاد اسلام آباد ، ڈپٹی سیکرٹری عطیہ نثار سندھ میں جبکہ انیلہ محمود جو کہ ڈائریکٹر مدرسات ٹریننگ پراجیکٹ ، جنوبی پنجاب میں ممبر سازی مہم کا آغاز کریں گی۔
اس طرح حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی ملک گیر ممبرشپ مہم کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے، جس کا مقصد عوام کو ایک مضبوط اور مؤثر پلیٹ فارم پر متحد کرنا ہے
