پیٹرول کی قیمتوں، مہنگی بجلی اور ناقابلِ برداشت مہنگائی کے خلاف عوامی احتجاج وقت کی اہم ضرورت ہے-قائم مقام سیکرٹری جنرل ثمینہ سعید
قائم مقام سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ سعید نے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی جانب سے 3 ستمبر کو ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مہنگے پیٹرول، بجلی کے بھاری بلوں، بڑھتی ہوئی مہنگائی اور عوام پر مسلسل عائد کیے جانے والے معاشی بوجھ کے خلاف اس پُرامن احتجاج کو کامیاب بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ 3 ستمبر کا شٹر ڈاؤن صرف کاروبار بند کرنے کا نام نہیں بلکہ عوام کی اس اجتماعی آواز کا اظہار ہے جو حکمرانوں سے پوچھ رہی ہے کہ آخر کب تک عام آدمی مہنگائی کی چکی میں پستا رہے گا؟ پیٹرول مہنگا ہو تو ہر چیز مہنگی ہوتی ہے، بجلی کے بل ناقابلِ برداشت ہوں تو گھر کا بجٹ تباہ ہوتا ہے اور اشیائے ضروریہ کی بڑھتی قیمتیں عوام سے جینے کا حق چھین رہی ہیں۔
ثمینہ سعید نے کہا کہ حکومت کو عوام کی مشکلات کا احساس کرنا ہوگا۔ عوام خاموش تماشائی نہیں بلکہ اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے پُرامن اور جمہوری جدوجہد کرنے والی قوت ہیں۔ 3 ستمبر کا شٹر ڈاؤن حکمرانوں کو یہ واضح پیغام دے گا کہ عوام مزید معاشی ظلم اور بے جا بوجھ قبول کرنے کے لیے تیار نہیں۔
انہوں نے حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی ارکان و کارکنان کو ہدایت کی کہ وہ فہم القرآن کلاسز، کارکنان کی کلاسز، دروس اور دیگر تربیتی و دعوتی سرگرمیوں میں شرکاء کو شٹر ڈاؤن کی اہمیت، اس کے مقاصد اور عوامی مسائل سے اس کے تعلق سے آگاہ کریں، تاکہ ہر طبقے تک یہ پیغام پہنچے کہ مہنگائی کے خلاف آواز اٹھانا اجتماعی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین اپنے گھروں، خاندانوں اور معاشرے میں عوامی شعور بیدار کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ 3 ستمبر کو ہر شہری کا پُرامن اور بھرپور احتجاج اس بات کا اعلان ہوگا کہ عوام اپنے بنیادی معاشی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
ثمینہ سعید نے عوام سے اپیل کی کہ 3 ستمبر کو کاروبار بند رکھ کر شٹر ڈاؤن ہڑتال کو کامیاب بنائیں اور مہنگائی، مہنگے پیٹرول اور بھاری بجلی بلوں کے خلاف اپنی مؤثر اور پُرامن آواز حکمرانوں تک پہنچائیں۔
