April 27th, 2024 (1445شوال18)

یوم باب الاسلام برصغیر میں اسلام کی آمد و اشاعت کا تاریخ ساز باب ہے۔ڈاکٹر حمیرا طارق

 حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر  حمیرا طارق نے 10 رمضان المبارک  یوم وفات حضرت خدیجہ رضی اللہ تعالی عنہا اور یوم باب الاسلام کے حوالے سے  اپنے بیان میں کہا کہ سرور عالم صلی اللہ علیہ وسلم کی زوجہ مطہرہ پیکر خلوص و وفا اور محسنہ اسلام حضرت خدیجۃ الکبریٰ رضی اللہ تعالی عنہا   کی سیرت و کردار اور خدمات سے اسلامی تاریخ کے باب روشن ہیں۔  نزول وحی کے ابتدائی مرحلے سے  آخری سانس تک سیدہ خدیجۃ الکبری رضہ  نے رسالت و نبوت کی دل و جان سے تصدیق کی آپ رضہ کی ذات جذبہ ایثار و قربانی کا مظہر تھی۔ام المومنین حضرت خدیجہ رضہ نے دل و جان سے اپنی ذات اور  تمام دولت کو فروغ اسلام کے لیے وقف کر دیا تھا۔ ڈاکٹر  حمیرا طارق نے کہا کہ حضرت خدیجہ رضہ کی سیرت ہمارے لیے ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہے۔ ان کی سیرت مطہرۃ جہاں عورتوں کے حقوق کے تحفظ کی ضامن ہے وہیں ایک نمونہ عمل بھی ہے۔ایک عظیم  مقصد کی خاطر  معاشرتی زندگی کی کامیابی کے لیے پرعزم اور مضبوط عورت کا کیا کردار ہونا چاہیے، حضرت خدیجہ رضی اللہ تعالی عنہا کی سیرت سے ہمیں اس کی مکمل رہنمائی ملتی ہے۔ یوم باب الاسلام کے حوالے سے ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ یوم باب الاسلام برصغیر میں اسلام کی آمد و اشاعت کا  تاریخ ساز باب ہے۔10 رمضان المبارک کو امت مسلمہ کے قابل فخر فرزند محمد بن قاسم نے سندھ کے ہنود کے خلاف  علم جہاد بلند کر کے نہ صرف ہند میں مسلمانوں کی عظمت کا سکہ بٹھا دیا بلکہ آگے چل کر یہی قدم برصغیر میں مسلمانوں کی عظیم مملکت پاکستان کے وجود کا سبب بھی بنا۔انہوں نے کہا کہ مختصر فوج اور محدود وسائل کے باوجود اس باکمال سپہ سالار اور عظیم فاتح نے اسلام دشمنوں پر فتح حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے دل و دماغ بھی مسخر کیے۔انہوں نے مذید کہا کہ نوجوان نسل کو محمد بن قاسم کو اپنا آئیڈیل بنانا چاہیے، جنہوں نے سندھ کی مظلوم بیٹی کی پکار پر  لبیک کہا اور یہ خطہ اسلام کی روشنی سے منور ہوا۔ ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ آج پھر دنیا میں ظلم و ستم کا راج ہے۔ امریکی، اسرائیلی اور بھارتی پنجہ استبداد نے مسلمان بچیوں اور عورتوں پر عرصہ حیات تنگ کیا ہوا ہے۔ دنیا بھر کے مظلوم مسلمان پھر کسی محمد بن قاسم کی راہ تک رہے ہیں ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلم حکمران اور نوجوان محمد بن قاسم کی سیرت کو اپنائیں تاکہ دنیا سے ظلم اور جبر کا خاتمہ ہو