قرآن سے مضبوط تعلق، فکری وابستگی اور نسلِ نو کی اسلامی تربیت مسلم خواتین کی اصل قوت ہے، سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کا دورۂ آسٹریلیا کے تجربات و تاثرات پر خطاب
سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا ہے کہ آسٹریلیا میں مقیم مسلم خواتین قرآن کریم سے گہری وابستگی رکھتی ہیں اور اپنی انفرادی و اجتماعی زندگی کو قرآن کی تعلیمات کے مطابق ڈھالنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ وہ نہ صرف خود قرآن سے رہنمائی حاصل کرتی ہیں بلکہ اپنی نسلوں کی تربیت بھی قرآن و سنت کی روشنی میں کر رہی ہیں۔ ان خواتین میں مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ کی فکر اور لٹریچر سے وابستگی بھی نمایاں ہے، جو ان کی دینی و فکری رہنمائی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج مرکز خواتین منصورہ میں منعقدہ ایک خصوصی پروگرام میں اپنے دورۂ آسٹریلیا کے تجربات، مشاہدات اور تاثرات پیش کرتے ہوئے کیا۔
ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ بیرونِ ملک رہنے والی مسلم خواتین کے لیے اپنی دینی شناخت برقرار رکھنا اور نئی نسل کو اسلامی اقدار سے وابستہ رکھنا ایک اہم ذمہ داری ہے۔ آسٹریلیا میں خواتین کی قرآن سے محبت، اس کے پیغام کو سمجھنے کی کوشش اور اپنی عملی زندگی میں اس کی تعلیمات کو اپنانے کا جذبہ قابلِ توجہ ہے۔ یہ اس حقیقت کی یاد دہانی ہے کہ جغرافیائی فاصلے اور مختلف معاشرتی ماحول انسان کے دل میں قرآن کی محبت اور دین سے وابستگی کو کم نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ قرآن محض تلاوت کی کتاب نہیں بلکہ مکمل ضابطۂ حیات ہے، جو انسان کی انفرادی زندگی، خاندانی نظام، معاشرتی تعلقات اور اجتماعی کردار کی رہنمائی کرتا ہے۔ ہماری کامیابی اسی میں ہے کہ ہم قرآن کو سمجھیں، اس کے احکامات کو اپنی زندگیوں میں نافذ کریں اور اپنے گھروں کو قرآن کی تعلیم و تربیت کے مراکز بنائیں۔
ڈاکٹر حمیرا طارق نے مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ کی فکر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے لٹریچر نے دنیا بھر میں مسلمانوں کو دین کی جامع تفہیم، اسلامی طرزِ زندگی اور اقامتِ دین کے شعور سے روشناس کرانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان کی فکر سے وابستگی اس بات کی متقاضی ہے کہ ہم قرآن کے پیغام کو اپنی ذات تک محدود رکھنے کے بجائے اپنے خاندانوں اور معاشرے تک پہنچائیں۔
انہوں نے کہا کہ نسلِ نو کی اسلامی تربیت محض نصیحتوں سے ممکن نہیں، بلکہ والدین اور بالخصوص ماؤں کو اپنے کردار، عمل اور طرزِ زندگی سے قرآن کی تعلیمات کا عملی نمونہ بننا ہوگا۔ بچوں کے دلوں میں قرآن کی محبت، دین کا شعور، اخلاقی اقدار اور امتِ مسلمہ کے ساتھ وابستگی پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قرآن فہمی، دعوتِ دین، خواتین کی فکری و اخلاقی تربیت اور نئی نسل کو اسلامی تعلیمات سے جوڑنے کی جدوجہد کو مزید مؤثر بنایا جائے گا، تاکہ دنیا بھر میں مسلمان خواتین قرآن کے پیغام کو اپنی زندگیوں میں نافذ کرنے اور معاشرے کی اصلاح میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری ثمینہ سعید اور ڈاکٹر زبیدہ جبیں بھی موجود تھیں
