March 3rd, 2026 (1447رمضان15)

ایران کی خودمختاری پر حملہ ناقابلِ قبول، کراچی میں مظاہرین کی شہادت کی شدید مذمت: ڈاکٹر حمیرا طارق

حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق نے ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے کھلی جارحیت اور عالمی دہشتگردی قرار دیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ آیت اللہ علی خامنہ کی شہادت عالم اسلام کے لیے ایک عظیم سانحہ اور ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔
ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ ایران کی خودمختاری پر حملہ بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی صریح خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کی قیادت کو نشانہ بنانا پورے خطے کے امن کو تباہ کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے مذید کہا کہ امریکہ، اسرائیل اور بھارت خطے میں عدم استحکام کو فروغ دے رہے ہیں اور مسلمانوں کو آپس میں لڑوا کر ان پر جنگیں مسلط کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے ایران کے سکیورٹی ایڈوائزر علی شمخانی، پاسداران انقلاب کے کمانڈر محمد پاک پور، وزیر دفاع عامر ناصرزادہ سمیت سینکڑوں افراد کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور ایرانی عوام سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔
ڈاکٹر حمیرا طارق نے کراچی میں ایران سے اظہارِ یکجہتی کے لیے نکلنے والے مظاہرین پر فائرنگ اور ان کی شہادت کی بھی شدید مذمت کی اور کہا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کر کے ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جائے۔
انہوں نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ اس سنگین صورتحال پر واضح، دوٹوک اور جرات مندانہ مؤقف اختیار کرے اور علی الاعلان ایران کے ساتھ کھڑا ہونے کا اعلان کرے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایران میں رجیم چینج کی کوئی کوشش کی گئی تو اس کے اثرات پورے خطے سمیت پاکستان کی سلامتی پر بھی سنگین ہوں گے۔
ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ جو حکمران  امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبل انعام کے لیے نامزد کرنے کی سفارش کرتے رہے، وہ قوم کے سامنے معافی مانگیں اور اپنی پالیسیوں کی وضاحت کریں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ایران کے ساتھ کھڑی ہے - حکومت کو چاہیے کہ ایران پر امریکی حملے کے بارے میں   جرات مندانہ مؤقف اپنائے - قوم حکومت کے شانہ بشانہ ہے نیز ڈپٹی سیکرٹریز عطیہ نثار ، ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی ، عفت سجاد ،ڈاکٹر زبیدہ جبیں , عائشہ سید ڈپٹی سیکرٹری اور ڈائریکٹر میڈیا سیل ثمینہ سعید ،ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا سیل سعدیہ حمنہ اور سیکرٹری اطلاعات فریحہ اشرف نے بھی ایرانی سپریم کمانڈر کی شہادت پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔