November 21st, 2024 (1446جمادى الأولى19)

شاعر مشرق علامہ محمد اقبال نے اپنی آفاقی تعلیمات کے ذریعے بکھری ہوئی مسلمان امت کو وحدت کا سبق دیا-ڈاکٹر حمیرا طارق

ہردورمیں اقبال رحمۃ اللہ علیہ کی شاعری  نوجوان نسل کے لیے مشعل راہ اوراحساس تقویت ہے- حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق کا یوم اقبال کے حوالے سے پیغام 

علامہ محمد اقبال وہ قائد حریت تھے جنہوں نے خواب غفلت میں پڑے مسلمان مرد و زن کے اندر دوبارہ آزادی و حکمرانی کے جذبات کو بیدار کیا اور ان کو خودی کا درس دیا - بکھری ہوئی امت مسلمہ کو اتفاق ، اتحاد ، اور خود داری کی منزل کا راہی بنایا -
ان خیالات کا اظہار سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق  نے یوم اقبال پر شاعر مشرق علامہ  محمد اقبال کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کیا-
انہوں نے کہا کہ  آپ نے بحثیت قوم ، مسلمان امت کے اندر موجود خامیوں اور بیماریوں کی نشاندھی کی اور اصلاح کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں وقف کر دیں- اسی لیے آپ کو حکیم الامت کے نام سے جانا جاتا ہے - انہوں نے امت مسلمہ کو یاد دلایا کہ آپ نے خلیفہ اللہ کی حیثیت سے دین محمدی ﷺ کو پوری دنیا پر غالب اور قائم کرنا ہے-
علامہ اقبال نے امت مسلمہ کو باور کرایا کہ اگر مسلمان اپنی حثیت اور ذمہ داریوں کو پھر سے پہچان لیں تو وہ پوری دنیا کی امامت حاصل کر سکتے ہیں -
آج بھی امت مسلمہ کے دکھوں اور مسائل کا حل کلام اقبال سے جھلکتا ہے کہ آپس کے بے معنی اختلافات کو دفن کر کے ایک متحد قوم بن جائیں-
انہوں نے مزید کہا کہ آج اہل پاکستان فرمان اقبال رحمۃ اللہ علیہ پر عمل پیرا ہو کر قرآن کو عملی دستور حیات کے طور پر نافذ کر لیں تو ملک میں موجود بحران زمین بوس ہو جائیں گے اور اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان کی منزل جلد حاصل ہو جائے گی-