سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ خواتین پر تشدد، ظلم، ہراسانی، استحصال اور امتیازی سلوک کسی بھی مہذب معاشرے کے لیے ناقابل قبول ہیں۔ عورت کو تحفظ، عزت، وقار اور اس کے جائز حقوق کی فراہمی محض ایک نعرہ نہیں بلکہ معاشرتی اور ریاستی ذمہ داری ہے۔ خواتین کو تشدد سے پاک، محفوظ اور باوقار زندگی فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام نے عورت کو عزت و تکریم، وراثت، ملکیت، تعلیم، نکاح میں رضامندی اور دیگر بنیادی حقوق عطا کیے ہیں، لیکن افسوس کہ ہمارے معاشرے میں آج بھی خواتین کو ان کے شرعی اور قانونی حقوق سے محروم رکھا جاتا ہے۔ کہیں انہیں وراثت میں حصہ نہیں دیا جاتا، کہیں گھریلو تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے اور کہیں غیرت، رسم و رواج اور معاشرتی دباؤ کے نام پر ان کی زندگی کے فیصلے ان سے چھین لیے جاتے ہیں۔ خواتین کے ساتھ یہ رویے اسلامی تعلیمات اور انسانی وقار کے منافی ہیں۔
ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ جماعت اسلامی خواتین کے حقوق کے تحفظ، انہیں ان کے شرعی حقوق دلوانے اور معاشرے میں ان کے باوقار مقام کے لیے ہمیشہ سرگرم عمل رہی ہے۔ حلقہ خواتین جماعت اسلامی خواتین کی تعلیم، تربیت، معاشی خودمختاری، قانونی و سماجی تحفظ اور حقوق کی آگاہی کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہا ہے۔ ہماری جدوجہد مغربی تصورِ آزادی کی اندھی تقلید نہیں بلکہ قرآن و سنت کی روشنی میں عورت کو وہ عزت، تحفظ اور حقوق دلوانا ہے جو اسلام نے اسے عطا کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کے خلاف تشدد کا خاتمہ صرف قوانین بنانے سے ممکن نہیں، اس کے لیے قانون پر مؤثر عمل درآمد، فوری انصاف، محفوظ ماحول، خاندانی تربیت اور معاشرتی رویوں میں مثبت تبدیلی ناگزیر ہے۔ حکومت خواتین اور بچیوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کرے، تشدد اور ہراسانی کے مرتکب افراد کو قانون کے کٹہرے میں لائے اور متاثرہ خواتین کو بلا امتیاز انصاف اور تحفظ فراہم کرے۔
ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ 25 نومبر سے 10 دسمبر تک جاری رہنے والی 16 روزہ عالمی مہم ہمیں یاد دلاتی ہے کہ خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کی جدوجہد محض ایک دن یا چند تقاریب تک محدود نہیں رہنی چاہیے۔ ہمیں اپنے گھروں، تعلیمی اداروں، دفاتر اور معاشرے میں ایسا ماحول تشکیل دینا ہوگا جہاں ہر عورت اور بچی خود کو محفوظ، محترم اور بااختیار محسوس کرے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی خواتین کے تحفظ، عزت و وقار، شرعی حقوق کی فراہمی اور ظلم و استحصال سے پاک معاشرے کے قیام کے لیے اپنی جدوجہد مزید تیز کرے گا۔ عورت کو اس کے حقوق دینا کسی پر احسان نہیں بلکہ اس کا بنیادی حق اور معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔
