مال روڈ لاہور پر جماعت اسلامی کے زیراہتمام یومِ کشمیر کی مناسبت سے نکالی جانے والی کشمیر ریلی میں طالبات خواتین، بچوں اور نوجوانوں کی بھرپور شرکت نے ایک نئی تاریخ رقم کی۔ ریلی کی قیادت جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کی، جس میں جماعت اسلامی کی اہم خواتین رہنماؤں میں ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی ، ڈاکٹر زبیدہ جبیں ، ڈپٹی سیکرٹری و ڈائریکٹر میڈیا سیل ثمینہ سعید ، ناظمہ حلقہ لاہور عظمیٰ عمران ، راشدہ شاہین ، ربیعہ طارق ، شازیہ عبدالقادر ، زیب آصف ،شائمہ عثمان بھی شامل تھیں
یہ تاریخی ریلی کشمیر کی آزادی اور کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی حمایت میں نکالی گئی، جس میں خواتین اور بچوں نے بے حد جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔ خواتین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیر کے حق میں نعرے درج تھے، جیسے "کشمیر بنے گا پاکستان" اور "ہم سب کا کشمیر ہے"۔
ریلی کے شرکاء نے عالمی برادری کی توجہ کشمیر کی موجودہ صورتِ حال اور بھارتی فوج کے مظالم کی طرف دلائی اور کشمیری عوام کے حق میں آواز بلند کی۔ اس موقع پر خواتین قائدین نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یومِ کشمیر کا یہ دن ہمارے عزم کا اظہار ہے کہ ہم کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی ہر سال کشمیر کے لیے اس ریلی کا انعقاد کرتی ہے تاکہ دنیا کو بتا سکے کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے اور یہاں کے عوام کا حق ہے کہ وہ آزادانہ طور پر اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں۔
یومِ کشمیر 5 فروری کو منایا جاتا ہے تاکہ عالمی سطح پر کشمیر کے مسئلے کو اجاگر کیا جا سکے اور بھارتی فوج کے ظلم و ستم کو دنیا کے سامنے لایا جا سکے۔ اس دن کو منانے کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار اور ان کے حقوق کی حمایت کرنا ہے۔
ریلی میں شریک طالبات اور بچوں نے کشمیر کے حق میں میں نعرے لگائے اور بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف احتجاج کیا۔ شرکاء کا جوش و جذبہ اس بات کا غماز تھا کہ کشمیر کے معاملے میں پاکستان کے عوام کا عزم پختہ ہے اور وہ کشمیریوں کی آزادی تک ان کا ساتھ دیں گے۔
شرکاء ریلی نے اس موقع پر یہ عہد کیا کہ کشمیر کے معاملے کو ہر سطح پر اٹھایا جائے گا اور کشمیر کی آزادی تک کشمیری عوام کے حق میں پر زور آواز بلند کی جاتی رہے گی۔
