May 25th, 2019 (1440رمضان20)

سیرت طیبہ ؐ اور عہدِ حاضر کے چیلنجز

تحریر: شاہنواز فاروقی

رسول اکرم کی سیرت مبارکہ ہر مرض کی دوا، ہر مسئلے کا حل اور ہر چیلنج کا جواب ہے لیکن مسلمانوں نے سیرت طیبہ کے ساتھ اپنے تعلق کو خود ایک مسئلے اور چیلنج میں ڈھال لیا ہے۔ اس کی ایک مثال یہ ہے کہ کمزور سے کمزور مسلمان بھی حضور اکرم کے لئے جان دینے پر آمادہ ہو سکتا ہے اور اچھے اچھے مسلمان بھی سیرت سرور عالم پر عمل کرنے کے لئے تیار نہیں ہوتے۔ سوال یہ ہے کہ اس کا سبب کیا ہے؟ اس کا سبب یہ ہے کہ جان دینے کے لئے ایک لمحہ درکار ہوتا ہے لیکن سیرتِ طیبہ گو پوری زندگی ہر لمحہ بسر کرنا پڑتا ہے اور اس کام  میں محنت لگتی ہے، اس سلسلے میں مشقت اٹھانی پڑتی ہے۔ لیکن مسلمانوں کے لئے محنت اور مشقت اس لئے آسان ہے کہ حضور اکرم کی حیاتِ طیبہ شدید ترین محنت اور مشقت کا سب سے بڑا نمونہ ہے۔ اس نمونے میں محنت اور مشقت محنت اور مشقت نہیں رہتے، زندگی بن جاتے ہیں، زندگی کی شرط کہلاتے ہیں، اس کا حسن و جمال نظر آتے ہیں۔

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم عبادت میں اتنی مشقت فرماتے کہ آپ کے پیروں پر ورم آجاتا۔ صحابہ کرامؓ جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو اس حال میں دیکھتے تو فرماتے کہ جب اللہ نے آپ کے تمام اگلے پچھلے گناہ معاف کردئے ہیں تو پھر آپ عبادت میں اتنی شدید محنت کیوں کرتے ہیں؟حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس بات کا جو جواب دیا ہے انسانی تاریخ اس کی مثال پیش کرنے سے قاصر ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کیا میں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا نہ کروں! اور رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی محنت و مشقت صرف عبادت تک محدود نہیں تھی۔ جب صحابہ کرامؓ پیٹ پر ایک پتھر باندھتے تو حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے شکم مبارک پر دو پتھر بندھے ہوتے تھے۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک شخص سے وعدہ کیا تو تین دن تک اس شخص کا مقام مقررہ پر انتظار فرماتے رہے۔ آپ غزوات میں شریک ہوتے تو میدان جہاد میں اس مقام پر کھڑے ہوکر جہاد فرماتے جہاں جان کو سب سے زیادہ  خطرات ہوتے۔ یہی وجہ  ہے کہ صحابہ کرامؓ میں سب سے زیادہ بہادر اس شخص کو سمجھا جاتا تھا جو میدان جنگ میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے سب سے زیادہ قریب ہوتا تھا۔ اس تناظر میں دیکھا جائے تو سیرت طیبہ مسلمانوں کی بے عملی کے مرض، مسئلے اور چیلنج کا سب سے بڑا اور شاندار جواب ہے۔

غلامی اور مغربی مفکرین کے زیر اثر مسلمانوں کے ایک بڑے طبقے میں یہ احساس پیدا ہوا کہ اسلام اور سیرت طیبہ صلی اللہ علیہ وسلم چودہ سو سال ’’پرانی‘‘ چیز ہیں، چنانچہ وہ جدید عہد میں ہمارے اس طرح کام نہیں آسکتے جس طرح چودہ سو سال پہلے کام کرتے تھے۔ لیکن رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم صرف باعثِ تخلیقِ کائنات اور سردار الانبیاء  ہی نہیں ہیں آپ صلی اللہ علیہ وسلم خاتم النبین بھی ہیں اور ختم نبوت کے مفاہیم میں سے ایک مفہوم یہ ہے کہ آپ کا  پیغام اور آپ کی سیرت طیبہ بیک وقت قدیم بھی ہے اور جدید بھی۔ اسلام اور علم دشمن طاقتیں الزام لگاتی ہیں کہ مسلمان قدامت پسند یا orthodox ہیں لیکن اسلام اور سیرت طیبہ صلی اللہ علیہ وسلم کے حوالے سے قدامت پسند یا orthodox ہونے کا مفہوم زیادہ حقیقی یا original ہونا یا اصل کے زیادہ سے زیادہ قریب ہونا ہے اور جو اصل کے جتنا زیادہ قریب ہے وہ خود کو دریافت کرنے یا Re Invent کرنے کی اتنی ہی صلاحیت رکھتا ہے اور جو خود کو دریافت یا Reinvent کرنے  کی جتنی صلاحیت رکھتا ہے وہ اتنا ہی جدید اور تخلیقی ہے۔ دوسرے الفاظ میں اس بات کا مفہوم یہ ہے کہ قدیم ہونے کا مفہوم اسلام کی روح سے آگاہ ہونا ہے اور جدید ہونے کا مطلب اس روح کے اظہار کے لئے نئے نئے پیرائے، اسالیب، سانچے اور ڈھانچے بنانے کی اہلیت کا حامل ہونا ہے۔ اس اعتبار سے دیکھا جائے تو ختم نبوت کا عقیدہ ایک انقلابی عقیدہ ہے اور یہ عقیدہ پوری امت مسلمہ کو قدیم اور جدید کے درمیان لا کھڑا کرتا ہے۔ اس مقام پر کھڑی ہو کر امت مسلمہ ماضی کی قوت سے مستقبل کشید کرتی ہے۔ غور کیا جائے تو سیرت طیبہ کے صرف اس پہلو میں مسلمانوں کو درپیش کتنے ہی امراض کا علاج، کتنے ہی مسائل کا حل اور کتنے ہی چیلنجوں کا جواب ہے۔

سیرت طیبہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ مسلمانوں کے تعلق کا ایک نفسیاتی پہلو یہ ہے کہ سیرت طیبہ مسلمانوں کو اتنی مثالی محسوس ہوتی ہے کہ اس کی پیروی دشوار بلکہ بسا اوقات ناممکن محسوس ہوتی ہے۔ مسلمانوں کو لگتا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تو باعث تخلیق کائنات تھے، سردار الانبیاء تھے، اللہ کے حبیب تھے، آپ کے لئے ہر عمل آسان تھا، لیکن ہم تو عام لوگ ہیں ہم سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے عمل کی  پیروی کہاں ہوسکتی ہے!تجزیہ کیا جائے تو یہ بے انتہا تعریف کے پردے میں عمل سے فرار کی ایک کوشش ہے۔ اس چیلنج کا جواب سیرت سرورِ عالم سے یہ ملتا ہے کہ بلاشبہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم باعث تخلیقِ کائنات ہیں۔ بلاشبہ آپ سردار الانبیاء ہیں، مگر آپ صلی اللہ علیہ وسلم یہ سب کچھ ہونے کے ساتھ ساتھ بشر بھی ہیں۔ اسی لئے آپ صلی اللہ علیہ وسلم بنی نوع انسان کے لئے واجب الاتباع ہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم بشر نہ ہوتے تو واجب الاتباع کیسے ہوتے؟ یہاں کہنے کی ایک بات یہ بھی ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی بشریت مجرد نہیں ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک بشر کی حیثیت سے دنیا کے کسی بھی انسان سے زیادہ مصائب برداشت کیے ہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو دنیا کے کسی بھی انسان سے زیادہ ستایا گیا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر دنیا کے کسی بھی انسان سے زیادہ آزمائشیں آئی ہیں۔ اس حوالے سے دیکھا جائے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی بشریت کی انقلابی شان نمایاں ہو کر سامنے آتی ہے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی بشریت امت مسلمہ کے بہت سے امراض کی دوا، بہت سے مسائل کا حل اور بہت سے چیلنجوں کا جواب بن جاتی ہے۔

ہمارے عہد کا ایک بڑا چیلنج یہ ہے کہ انسانوں نے طرح طرح کی مصنوعی فضیلتیں ایجاد کرکے انہیں پوری انسانیت کے لئے معیار بنادیا ہے۔ مثال کے طور پر مغرب نے ایک ہی دنیا میں تین دنیائیں تخلیق کر ڈالی ہیں۔ پہلی ترقی یافتہ کہلاتی ہے دوسری دنیا کو ترقی پذیر دنیا کا نام دیا گیا ہے۔ جبکہ تیسری دنیا کو پسماندہ یا غریب دنیا کے نام سے موسوم کیا جاتا ہے۔ ان دنیاؤں میں پہلی دنیا کی حیثیت ’’جنت “ کی ہے۔ دوسری دنیا جنت کی طرف سفر سے عبارت ہے اور تیسری دنیا زمین کا ”جہنم‘‘ ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ ان دنیاؤں کا فرق صرف نظری نہیں عملی بھی ہے۔ پہلی دنیا کے لوگ قابل احترام ہیں، مہذب ہیں، اس لئے وہ احساس تفاخر میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ دوسری دنیا کے لوگ پہلی دنیا کے لوگوں کی نقل کرنے والے ہیں اور تہذیب ان کے لئے ایک امکان کی حیثیت رکھتی ہے۔ ان وجوہ کی بناء پر دوسری دنیا کے لوگ احساس کمتری میں مبتلا ہیں۔ تیسری دنیا کے لوگوں کا معاملہ یہ ہے کہ وہ نہ قابل احترام ہیں نہ مہذب اور نہ ہی ان کے قابل احترام ہونے کا کوئی امکان ہے۔ چنانچہ یہ لوگ صرف احساس کمتری میں نہیں احساس جرم میں بھی مبتلا ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ان تمام امتیازات کی بنیاد اقتصادیات اور معاشیات ہے۔ لیکن یہ انسانوں کو ناپنے تولنے کا واحد مصنوعی معیار نہیں۔ ایک معیار جمہوریت ہے۔ جو اقوام جمہوری ہیں انہیں تکریم کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور جو اقوام جمہوری نہیں ہیں انہیں دنیا حقارت کی نظر سے دیکھتی ہے۔

اسی طرح ایک معیار سائنس اور ٹیکنالوجی ہے۔ جو اقوام سائنس اور ٹیکنالوجی میں ترقی کرچکی ہیں انہیں دنیا میں ’’امامت“ کا درجہ حاصل ہے اور جو اقوام سائنس اور ٹیکنالوجی میں ترقی یافتہ نہیں انہیں ’’مقلد‘‘ بھی سمجھ لیا جائے تو غنیمت ہے۔ دنیا کی کتنی ہی اقوام ہیں جو قومیتوں کے تصور کو سر کا تاج بنائے ہوئے ہیں۔ دنیا میں نسل کے بت کو پوجنے والے بھی کروڑوں میں ہیں۔ اس کے مقابلے پر حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے پیغام کا خلاصہ یہ ہے کہ انسان کو دوسرے انسانوں پر صرف ایک حوالے سے فضیلت اور برتری حاصل  ہے اور یہ حوالہ ہے ’’تقویٰ‘‘۔ قرآن مجید کی سورة الحجرات کی آیت نمبر ١٣ میں ارشاد ربانی ہے: ’’اے انسانو، ہم نے تم کو ایک مرد اور ایک عورت سے پیدا کیا اور پھر تمہاری قومیں اور برادریاں بنادیں تا کہ تم ایک دوسرے کو پہچانو۔ درحقیقت اللہ کے نزدیک تم میں سب سے زیادہ عزت والا وہ ہے جو تمہارے اندر سب سے زیادہ تقویٰ والا یا پرہیزگار ہے‘‘۔

ایک حدیث شریف میں آیا ہے:

’’اللہ قیامت کے روز تمہارا حسب نسب نہیں پوچھے گا۔ اللہ کے ہاں تم میں سب سے زیادہ عزت والا وہ ہے جو تم میں سب سے زیادہ تقویٰ والا ہے“۔(مسلم، ابن ماجہ)

عصر حاضر کا ایک بڑا چیلنج یہ ہے کہ "وحدتِ انسانی" کا تصور گم ہوگیا ہے اور بنی نوع انسان مختلف بنیادوں پر نہ صرف یہ کہ چھوٹے چھوٹے گروہوں میں بٹ گئے ہیں بلکہ ان کے درمیان جنگ و جدل کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ مثلاََ کہنے کو یورپی اقوام کی تہذیب اور تاریخ ایک ہے لیکن ایرک فرام نے اپنی تصنیف "The Anatomy of Human Destructiveness" میں لکھا ہے کہ یورپی اقوام نے گزشتہ چار سو سال میں 2600 سے زائد جنگیں لڑی ہیں، ان میں بیسویں صدی میں لڑی جانے والی دو عالمی جنگیں بھی شامل ہیں جو بنیادی طور پر یورپی اقوام کے مابین لڑی گئیں۔ اس منظر نامے میں کوئی وحدت نہیں، کوئی حقیقی آفاقیت، کوئی حقیقی عالمگیریت اور کوئی حقیقی بین الاقوامیت نہیں۔

20ویں صدی کے اواخر میں مغرب کی برپا کردہ عالمگیریت یا Globalization کا بڑا شہرہ ہوا، لیکن اس عالمگیریت کی بنیاد محبت، اخوت اور تعاون پر نہیں استحصال کے تصور پر رکھی گئی ہے۔ ایک طرف سائنس و ٹیکنالوجی سے لیس اور فوجی، عسکری و معاشی قوت سے مسلح اقوام ہیں اور دوسری طرف وہ اقوام ہیں جن کے پاس صرف خام مال ہے اور ترقی یافتہ اقوام کی تیار کردہ چیزوں کے صرف "صارف" ہیں۔ اس منظرنامے میں طاقت ور اقوام کمزور اقوام کے قریب آرہی ہیں مگر انہیں گلے لگانے کے لئے نہیں ان کا گلا دبانے کے لئے۔ اس صورتِ حال میں پوری انسانیت کی سلامتی کے لئے سنگین خطرات مضمر ہیں۔

اس کے برعکس حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم جو پیغام لے کر آئے وہ ایک جانب وحدت انسانی کی حقیقی بنیادیں فراہم کرتا ہے اور دوسری جانب امتِ مسلمہ کی صورت میں ایک ایسی امت تشکیل دیتا ہے آفاقیت جس کا خمیر ہے، عالمگیریت جس کا ذوق ہے، بین الاقوامیت جس کا تناظر ہے۔ اللہ تعالیٰ نے امتِ مسلمہ کے اراکین کے باہمی تعلق کی نوعیت واضح کرتے ہوئے سورہ الحجرات میں فرمایا: "مومن تو ایک دوسرے کے بھائی ہیں لہٰذا اپنے بھائیوں کے درمیان تعلقات کو درست کرو"۔

حضرت جریرؓ بن عبداللہ کہتے ہیں: "رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ سے تین باتوں پر بیعت لی تھی۔ ایک یہ کہ نماز قائم کروں گا۔ دوسری یہ کہ زکوةٰ دیتا رہوں گا۔ تیسری یہ کہ مسلمان کا خیر خواہ رہوں گا"۔

حضرت عبداللہ بن مسعودؓ کی روایت ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "مسلمان کو گالی دینا فسق ہے اور اس سے جنگ کرنا کفر ہے"۔

حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "ہر مسلمان پر دوسرے مسلمان کی جان، مال اور عزت حرام ہے"۔

حضرت ابو سعید خدریؓ کہتے ہیں کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے: "مسلمان مسلمان کا بھائی ہے۔ وہ اس پر ظلم نہیں کرتا، اس کا ساتھ نہیں چھوڑتا، اس کی تذلیل نہیں کرتا۔ ایک آدمی کے لئے یہ شر بہت ہے کہ وہ اپنے بھائی کی تحقیر کرے"۔

حضرت سہیل بن سعد ساعدی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ ارشاد نقل کرتے ہیں کہ: "گروہِ اہلِ ایمان کے ساتھ ایک مومن کا تعلق ویسا ہی ہے جیسا سر کے ساتھ جسم کا تعلق ہوتا ہے۔ وہ اہلِ ایمان کی ہر تکلیف کو اس طرح محسوس کرتا ہے جس طرح سر جسم کے ہر حصے کا درد محسوس کرتا ہے"۔

حضرت ابو موسیٰ اشعریؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "مومن دوسرے مومن کے لئے اُس دیوار کی طرح ہے جس کا ہر حصہ دوسرے حصے کو مضبوط کرتا ہے"۔

حضرت عبد اللہ بن عمر بن عاصؓ نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد مبارکہ ہے: "مومن وہ ہے جس کی زبان اور جس کے ہاتھ سے مسلمان محفوظ رہیں"۔

غور کیا جائے تو یہی تعلیمات ہیں جن کی بنیاد پر انسانی برادری کے درمیان حقیقی محبت اور حقیقی اخوت وجود میں آسکتی ہے، اور یہی وہ نور ہے جو حقیقی آفاقیت، حقیقی عالمگیریت اور حقیقی بین الاقوامیت کے ذریعے پوری انسانیت کو ایک برادری میں ڈھال سکتا ہے۔

مسلم معاشرے کے لئے ایک بڑا عصری چیلنج یہ ہے کہ مغرب کے آزادیٓ نسواں کے نعرے کے تحت عورت ڈاکٹر، انجینئر، اداکارہ، گلوکارہ اور ماڈل کے طور پر تو اہم سمجھی جاتی ہے لیکن بیوی اور ماں کی حیثیت سے اس کا کوئی مقام اور مرتبہ نہیں رہا۔ امتِ مسلمہ کے جدید تعلیم یافتہ طبقے میں گھریلو خاتون یا House Wife کا ذکر اس طرح کیا جاتا ہے جیسے وہ کوئی کام ہی نہ کرتی ہو اور معاشرے کو اس کی ضرورت ہی نہ ہو۔ مسلم خواتین بچے پیدا کرنے اور پالنے سے اس طرح گھبرانے لگی ہیں جس طرح مغرب کی خواتین گبھراتی ہیں۔ یہ صورِت حال مرد و عورت کے تعلق، خاندان اور مسلم معاشرے کی روحانی، نفسیاتی اور جذباتی صحت پر منفی اثرات مرتب کر رہی ہے۔ سیرتِ طیبہ صلی اللہ علیہ وسلم بیوی اور ماں کا مقام انتہائی بلند کر کے نہ صرف یہ کہ اس چیلنج کا نہایت شافی جواب فراہم کرتی ہے بلکہ معاشرے میں خاندان کے ادارے کو اس مرکزیت اور وقار بھی عطا کرتی ہے۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی ایک حدیث شریف کا مفہوم یہ ہے کہ تم میں سے بہترین وہ ہےجو اپنی شریک حیات کے لئے اچھا ہے۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے وصال سے ذرا پہلے مسلمانوں کو جن چیزوں کا خیال رکھنے کی تاکید فرمائی ان میں نماز کے ساتھ ساتھ اپنی بیوی کا خیال رکھنے کی تاکید بھی شامل ہے۔

سیرتِ طیبہ صلی اللہ علیہ وسلم ماں کا مقام یہ متعین کرتی ہے کہ اس کے قدموں کے نیچے جنت ہے۔ احادیثِ مبارکہ سے معلوم ہوتا ہے کہ زچگی، بچوں کو دودھ پلانے اور ان کی دیکھ بھال کرنے میں کہیں جہاد کے برابر ثواب ہے، کہیں اسلامی ریاست کی سرحدوں کے دفاع کے برابر اجر ہے۔ ان حقائق کو دیکھا جائے تو بیوی اور ماں کی اہمیت اتنی بڑھ جاتی ہے کہ اس کے آگے ڈاکٹر اور انجینئر ہونا کیا ملک کا وزیراعظم ہونا بھی معمولی بات نظر آتی ہے۔