November 30th, 2020 (1442ربيع الثاني14)

مسائل کا حل صرف محسن انسانیات کی ؐشریعت میں ہے‘ عائشہ سید

سابق رکن قومی اسمبلی عائشہ سید نے کہا ہے کہ نبی کریمؐکی ذات رہتی دنیا تک کے لیے کامل ہدایت ہے‘ نبیؐ سے محبت کا تقاضا ہے کہ ان کی تعلیمات کو ساری دنیا میں پھیلایا جائے‘ انسانیت کے مسائل کا حل صرف محسن انسانیت کی لائی ہوئی شریعت میں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ حریم ادب کے تحت کراچی آرٹس کونسل میں نعتیہ مشاعرے سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مشاعرے سے حریم ادب پاکستان کی صدر عالیہ شمیم اور ممتاز کالم نگار افشاں نوید نے بھی خطاب کیا۔ مشاعرے میں ڈاکٹر عزیزہ انجم، نسیم نازش، آمنہ عالم، آمنہ رمیصا، نیر کاشف ملک، سحر علی، وضاحت نسیم، طاہرہ سلیم سوز، ناہید عزمی، نزہت عباسی، شاہدہ اسرار کنول، ثروت عسکری، نور العلما حسن، ادیبہ فریال، ہاجرہ منصور، سمیرا غزل، تزئین راز زیدی، زینت کوثر لاکھانی اور ہما بیگ نے اپنا نعتیہ کلام پیش کیا۔ عالیہ شمیم نے کہا کہ ادارہ حریم ادب ادبی اور اصلاحی سرگرمیوں کے ذریعے خواتین اور خصوصاً نئی نسل میں علم وادب پھیلا رہا ہے۔ ممتاز کالم نگار افشاں نوید نے کہا کہ ناموس رسالت مسلمانوں کی زندگی اور موت کا مسئلہ ہے‘ نبیؐ کی حرمت پہ آنچ اس امت نے نہ پہلے آنے دی ‘نہ21 صدی میں اسے برداشت کریں گے‘ نبی کریمؐ پر ہمارے جان و مال قربان ہیں۔ مشاعرے کے اختتام پر حریم ادب کراچی کی سیکرٹری غزالہ عزیز کی کتاب پھولوں کی ٹوکری کی تقریب رونمائی بھی ہوئی۔ مہمان خصوصی عائشہ سید اور شاعرات نے غزالہ عزیز کی کاوش کو سراہا۔ آخر میں مصنفہ نے مہمان خصوصی اور شرکا مشاعرہ کو کتاب کا تحفہ پیش کیا۔