October 30th, 2020 (1442ربيع الأول14)

مغرب زدہ طبقہ اسلام پسند عوام کو گمراہ کر رہا ہے ، دردانہ صدیقی

سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان دردانہ صدیقی کا کہنا ہے کہ محدود مغرب زدہ طبقہ اپنے خیالات اور نظریات سے اسلام پسند عوام کو گمراہ کر رہا ہے ۔ اسلامی نظام کے قیام کے لیے جدوجہد کی پورے اخلاص اور احسن انداز میں ضرورت ہے۔ وژن کی طرف پیش رفت کے لیے تنظیم اور شعبہ جات میں باہم ربط و تعاون اور ہم آہنگی درکار ہے۔ جماعت اسلامی کی پہچان اس کی دعوت اور اس کے افراد کار ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے2روزہ مرکزی تفہیم منصوبہ ورکشاپ برائے ناظمات صوبہ، اضلاع و مرکزی نگران شعبہ جات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ضروری ہے کہ اجتماعیت کا ہرفرد اپنی ذمے داری سے آگاہ ہو۔ معاشرے میں دین کا پیغام پہنچانا دین کے قیام کے لیے کوششیں اور دوسروں کو اپنا ہمنوا بنانا ہر مسلمان کا مشن ہونا چاہیے۔ ورکشاپ میں جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما وقاص انجم جعفری نے اسٹریٹجک پلاننگ کی اہمیت پر پریزنٹیشن پیش کرتے ہوئے کہا کہ قرآن انسان کو ایک بہترین پلانر بنانا چاہتا ہے، اگر ہمیں اپنی تنظیم کو زندگی کے گوشوں دائروں میں غالب کرنا ہے تو اس کے لیے بھرپور منصوبہ بندی کرنا ہوگی، تب ہی ہماری جدوجہد کامیابی سے ہمکنار ہوسکے گی۔