August 4th, 2020 (1441ذو الحجة15)

اسما سفیر ٗ نصرت ڈار ودیگر کی منورحسن کے انتقال پر عائشہ منور سے تعزیت

جماعت اسلامی حلقہ خواتین کراچی کی ناظمہ اسما سفیر،معتمدہ کراچی فرح عمران، نائب ناظمات کراچی جاویداں فہیم،ثنا علیم،شیبا طاہر،شمینہ عتیق،حمیرا خالد،سمیہ عاصم،سیکرٹری اطلاعات ثمرین احمد نے سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن کے انتقال پر ان کے گھر جاکر مرحوم کی اہلیہ عائشہ منور سے ملاقات کی اور اظہار تعزیت کیا۔دریں اثنا صدر منہاج القرآن نصر ت ڈار نے بھی سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے مرحوم کے لیے مغفرت اورلواحقین وپسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔سید منورحسن کے انتقال پر جماعت اسلامی خواتین ذمے داران، کارکنان جماعت اسلامی ،اراکین شوریٰ ودیگر کا مرحوم کے گھر ان کی اہلیہ سے اظہار تعزیت کے لیے آمدکا سلسلہ جاری ہے ۔علاوہ ازیں اسما سفیر نے کہاکہ سید منورحسن مرحوم کی زندگی جدوجہد اور عزیمت کا عظیم الشان نمونہ تھی۔انہوں نے اپنی پوری زندگی تحریک کی عمارت کو مستحکم کرنے،غلبہ دین حق،اور حکومت اسلامیہ کے قیام کے لیے لگا دی۔انہوں نے کہا کہ اپنی امارت کے دور میں وہ جماعت اسلامی پاکستان کو ایک مؤثر سیاسی قوت، منظم سیاسی جماعت اور بااصول اسلامی نظریاتی تحریک کے طور پر لے کر چلتے رہے۔ جس کے اثرات آج بھی بہت گہرے ہیں۔وہ جماعت اسلامی کے بے لوث کارکن اور اٹل نظریات کے رہنما تھے۔انہوں نے تطہیر افکار اور تعمیر کردار کو اپنی قوت بنائے رکھا۔ انہوں نے کہاکہ مرحوم کی مومنانہ بصیرت،معاملہ فہمی، قرآن وسنت اور تاریخ کے علم نے زندگیوں پر گہرے اثرات مرتب کیے۔تحریک اسلامی میں ان کا خلا کبھی پر نہیں کیا جاسکے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کی گواہیاں ان کے ساتھ ہیں۔ہم سب غم اور آزمائش کی اس گھڑی میں رب العالمین سے دعا گو ہیں کہ ان کی تمام حسنات کو قبول فرمائے۔گھر والوں کو صبر جمیل عطا کرے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ ترین مقام عطا فرمائے۔