April 9th, 2020 (1441شعبان16)

مہنگائی نے ملکی معیشت کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا، عطیہ نثار

جماعت اسلامی سندھ حلقہ خواتین کی ناظمہ عطیہ نثار نے ایک بیان میں کہا ہے کہ آٹے بحران، بجلی گیس کی لوڈشیڈنگ اور روز مرہ استعمال کی چیزوں کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے نے ملکی معیشت کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے ،ضرورت اس امر کی ہیے کہ بگڑتی معیشت کو موجودہ خراب حالات سے نکالنے کے لیے بے روزگاری کا خاتمہ کیا جائے،ملکی صنعت میں بہتری کے اقدامات، ٹیکسوں کے بوجھ سے عوام کو چھٹکارا دلایا جائے اور تمام تاجر برادری اورصنعت کاروں کو ٹیکس چور و ہراساں کرنے کے بجائے ان کو سہولیات فراہم کرکے بے روزگاری کے خاتمے اور ملکی خوشحالی کے لیے بھرپور تعاون حاصل کیا جائے۔عطیہ نثار نے کہا کہ آٹے و چینی کی قیمتوں میں اضافے سمیت روز افزوں بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھرکردیا ہے۔حکومت کے عام آدمی کا معیار زندگی بہتر اور مہنگائی کے خاتمے کے تمام دعوے اور اعلانات ریت کا ڈھیر ثابت ہوئے جس کی وجہ سے عوام مایوسی کا شکار ہوگئے ہیں۔