December 6th, 2019 (1441ربيع الثاني8)

ہماری نظریاتی اساس اتنی مضبوط ہونی چاہئیے کہ ہم ہواؤوں کا رخ متعین کرسکیں ٗ عالیہ منصور کا میڈیا ورکشاپ سے خطاب

جماعت اسلامی حلقہ خواتین کراچی شعبہ نشرواشاعت کے تحت ارقم اسلامک سینٹرمیں دوروزہ ”میڈیا ورکشاپ“کا انعقاد کیا گیا، ورکشاپ کے پہلے روز ڈائریکٹر میڈیا سیل پاکستان عالیہ منصور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں جماعت اسلامی کی دعوت کومتعارف کروانے میں نشرواشاعت کے کارکنان بنیادی کردار ادا کرتے ہیں اس لیے ہماری نظریاتی اساس اتنی مضبوط ہونی چاہئیے کہ ہم ہواؤوں کا رخ متعین کر سکیں،موجودہ دورمیں جماعت کے وژن اورمشن سے جذباتی وابستگی کے ساتھ ساتھ ابلاغ کے کام میں مہارت اورلگن ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی حلقہ خواتین کا میڈیا سیل منظم ومربوط ہے جو خواتین کی علمی ضروریات اورعملی رہنمائی کیلئے سرگرم عمل ہے۔حریم ادب پاکستان کی صدرعالیہ شمیم نے کہا کہ لکھاری کو قلم مکمل احساس ذمہ داری کے ساتھ استعمال کرنا چاہیئے،آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم لوگوں کو امید دلائیں اورانہیں مسائل کا حل دیں،ہرانسان مختلف پہلوؤں پرمشتمل مکمل داستان ہے،تحریک سے وابستہ قلم کارمعاشرے سے متعلق موضوعات منتخب کریں اورمثبت اندازمیں کہانیاں اورافسانے تخلیق کریں اس طرح مثبت نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔اسسٹنٹ پروفیسرکراچی یونیورسٹی شعبہ ابلاغ عامہ اسامہ شفیق نے کہا کہ ہمارے اردگرد بے شمار خبریں بکھری ہوئی ہیں،خبر کو وسیع تناظر میں دیکھنا اورپیش کرنا چاہئیے،خبرکی زبان عام فہم اورسادہ الفاظ ہونے چاہئیں۔ورکشاپ سے نائب نگران نشر واشاعت کراچی سیمی نظیر نے بھی خطاب کیا۔
دریں اثناء جماعت اسلامی حلقہ خواتین کراچی شعبہ نشرواشاعت کے تحت جاری دو روزہ میڈیا ورکشاپ کے دوسرے دن ہفتہ23 نومبرممتازرائٹراسکالرشاہنوازفاروقی،ماہنامہ ہمدررنونہال کے ایڈیٹر سلیم مغل،سوشل میڈیا ایکٹوسٹ جواد شعیب،اسری غوری اورجماعت اسلامی حلقہ خواتین کراچی کی ناظمہ اسماء سفیر بھی خطاب کریں گی۔