December 6th, 2019 (1441ربيع الثاني8)

بندگی رب کے لیے صالح اجتماعیت اور اچھے لوگوں کا ساتھ معاشرے کی ضرورت ہے: دردانہ صدیقی

جماعت اسلامی حلقہ خواتین پاکستان کے تحت شعبہ جات اور ادارہ جات کی دو روزہ تربیت گاہ کے آخری دن امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے شرکاء سے خطاب  کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ خواتین اور اس کے شعبہ جات جس صبر و استقامت اور جرات و ہمت کے ساتھ اپنے اپنے دائرے میں معاشرے کی خدمت انجام دے رہے ہیں وہ قابل ستائش ہے۔ اسلام مسجد سے نکل کر زندگی کے ہر شعبے میں قوت اور غلبہ چاہتا ہے اور سیاسی قوت کے بغیر  یہ کام ممکن نہیں اس مقصد کے لیے  ملک میں حقیقی متبادل جماعت اسلامی ہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلامی انقلاب اور اسلامی نظام کے لئےبنیادی کام عوام الناس کو اپنا ہمنوا بنانا اور جماعت اسلامی کے پیغام اور کردار کو عام کرنا ہے ۔
اس موقع پر جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی سیکریٹری جنرل دردانہ صدیقی نے اپنے اختتامی خطاب میں کہا کہ بندگی رب کے لیے صالح اجتماعیت اور اچھے لوگوں کا ساتھ معاشرے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اللہ کی راہ میں جدوجہد ہمہ وقت متحرک رہنے کا تقاضہ کرتی ہے۔اخلاص اور احسان کے ساتھ ساتھ حقیقی جہاد کی ادائیگی کے لئیے رہنمائی اسوہ حسنہ اور سیرت صحابہ سے ملتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت جماعت اسلامی ہی وہ قوت ہے ہے جو امن انصاف اور اور ہر ظلم کے خلاف آواز بلند کر رہی ہے۔
 مزید برآں جامعۃ المحصنات میں منعقدہ اس دو روزہ تربیت گاہ میں ذمہ داران کی تذکیر اور تربیت کے حوالے سے مختلف  سرگرمیاں اور پروگرامز  ترتیب دیے گئے تھے-