May 19th, 2019 (1440رمضان15)

نصابِ تعلیم کو ملکی نظریے سے ہم آہنگ کرناہوگا‘دردانہ صدیقی

 سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی خوا تین دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ روشن مستقبل کے لیے نظام اور نصاب تعلیم کو نظریہ پاکستان سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی زیر صدارت ہونے والے شعبہ تعلیم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں نیشنل ایسوسی ایشن فار ایجوکیشن(نافع)، قرآن انسٹیٹیوٹ اور جامعات المحصنات و بیٹھک اسکول نیٹ ورک کے نظام سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر مذکورہ اداروں کی کارکردگی کو مزید موثر بنانے اور مستحکم کرنے کے لیے تجاویز زیر غور آئیں۔ دردانہ صدیقی نے کہا کہ کسی بھی دور میں تعلیم کی افادیت سے انکار نہیں کیا گیا، تعلیم کو زندہ قوموں اور مہذب معاشرے کی بالادستی اور اس کی عظمت کی علامت گردانا جاتا ہے، تعلیم کا اصل مقصد یہی ہے کہ پاکیزہ اور صالح افکار سے مزین معاشرے کی تشکیل عمل میں آئے کیونکہ ایک تعلیم یافتہ معاشرے میں ہی صبر و انکساری، شکرگزاری، خدا خوفی اور عزم و استقلال جیسی عادات زندگی کا حصہ بنتی ہیں۔ اجلاس میں مرکزی سیکرٹری تسنیم معظم، فرحانہ اورنگزیب، ڈائریکٹر شعبہ تعلیم طیبہ عاطف، امت الرقیب، پروین سلمان اور خالدہ طارق نے بھی شرکت کی۔