December 11th, 2018 (1440ربيع الثاني4)

ہمارے ملک کے نوجوان انتہائی باصلاحیت ہیں۔ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی

ہمارے ملک کے نوجوان انتہائی باصلاحیت ہیں جن کی عصرحاضر کے جدید تقاضوں کے عین مطابق علمی، فکری اور نظریاتی تربیت کی جائے تو یہ نوجوان ملک میں دیرپا ترقی اور استحکام کے ایجنڈے کی تکمیل کے لیے ہراول دستہ بن کر قومی اور بین الاقوامی سطح پر درپیش چیلنجز کا مقابلہ اور مداوا کرسکتے ہیں، اس لیے ہمیں اپنی نوجوان نسل کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے مناسب وسائل بھی مختص و مہیا کرنا ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار سابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی، اسلامک ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ضیا الحق، ڈاکٹر امجد طفیل اور دیگر مقررین نے اسلامک ریسرچ انسٹی ٹیوٹ اسلام آباد کے زیراہتمام لاہور میں 2مختلف تقریبات سے کیا ، پہلی تقریب ادارہ تعلیم و آگاہی لاہور میں’’ایک منقسم معاشرے میں امن اور برداشت کے فروغ میں نوجوانوں کا کردار‘‘ کے عنوان سے منعقد ہوئی جس میں دانشوروں، سول سوسائٹی کے نمائندہ افراد اور طلبہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ادارہ تعلیم و آگاہی کی ڈائریکٹر بیلہ رضا جمیل نے کانفرنس کے انعقاد کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ دوسری تقریب لاہور کالج آف ویمن یونیورسٹی میں’’ قرآن و سنت کی روشنی میں ایک منقسم معاشرے میں امن کے فروغ کے لیے خواتین کا کردار‘‘ کے عنوان سے منعقد ہوئی، لاہور کالج آف ویمن کی وائس چانسلر ڈاکٹر فرخندہ منظور، رکن قومی اسمبلی رومینہ خورشید عالم، اسلامک ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ضیاالحق اور دوسرے دانشوروں نے پیغام پاکستان اور دختران پاکستان کے مشترکہ و متفقہ قومی بیانیے کی وضاحت کے لیے تفصیلی لیکچرز دیے۔