September 19th, 2018 (1440محرم8)

حجاب عورت کی ڈھال اور معاشرے کی پاکیزگی اور تطہیر کا ضامن ہے .دردانہ صدیقی    

  جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے عالمی یوم حجاب کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں خواتین سےکہا ہے کہ حجاب عورت کی ڈھال اور معاشرے کی پاکیزگی اور تطہیر کا ضامن ہے  . بے حجاب معاشروں میں عورت کو محض تفریح طبع کا ذریعہ سمجھا جاتا ہے .جبکہ اسلام نے حیا وحجاب کے احکامات نافذ کر کے عورت کو معاشرے میں قابل احترام و عزت ہستی قرار دیا ہے . انہوں نے کہا کہ پردہ اور حجاب کسی طرح بھی خواتین کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بلکہ پردہ عورت کو تحفظ اوراعتماد فراہم کرنے کا ذریعہ ہے .دنیا بھر میں باحجاب خواتین اپنے دائرہ کار میں باوقار طریقے سے کام انجام دیتے ہوئے آگے بڑھ رہی ہیں .. . . دردانہ صدیقی نے مزید کہا کہ حجاب اللہ کا حکم اور مسلم عورت کا حق ہے.مغربی دنیا مسلمان عورت کے حجاب کو نشانہ بنا کر اس کے دینی اور انسانی حقوق میں دراندازی کر رہی ہے .جسے مسلمان خاتون برداشت نہیں کر سکتی .انسانی حقوق کی تنظیموں کو اپنا کردار ادا کرتے ہوئے مغرب کے اس تعصب پرمبنی عمل کی بھرپور مذمت کرنی چاہیے.انہوں نے کہا کہ مغربی معاشرہ حجاب سے خوفزدہ ہونے کی بجائے اللہ کے حکم حجاب وحیا کی حکمت  کو جان لےتو خود اس کی افادیت کا قائل ہو جائے گا . حجاب ہماری پہچان , ہمارا تحفظ اور ہمارا وقار ہے جس سے مسلم عورت دستبردار ہونے کا تصور بھی نہیں کر سکتی .دردانہ صدیقی نے کہا کہ ہم توقع کرتے ہیں کہ با حجاب خاتون اول پاکستان میں حجاب کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں گی ۔انہوں نے کہا کہ یوم حجاب  کے حوالے سے جماعت اسلامی کے تحت تمام بڑے شہروں میں حجاب کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے واک , سیمینارز ,نمائشوں اور خواتین کانفرنسز کا اہتمام کیا گیا ہے .چھوٹے شہروں اور قصبوں میں حجاب کے حوالے سے لیکچرز اور پریزنٹیشنز کا اہتمام کیا گیا ہے . تمام اینکر پرسنز , صحافیات اور کالم نگار صاحبان کو بھی حجاب ڈے پر حجاب کی اہمیت کو بھر پورطریقے سے اجاگر کرنے کی درخواست کی گئ ہے . ہر طرح کے مکتبہ فکر کی خواتین کو حجاب کی فرضیت اور اہمیت سے متعلقہ لٹریچر فراہم کیا جائے گا اور اخبارات میں حجاب کے حوالے سے مضامین بھی شائع کروائے جائیں گے