April 26th, 2024 (1445شوال17)

الخدمت خواتین ٹرسٹ کا آغوش مری کیلیے 25لاکھ روپے کا عطیہ

الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ کی جانب سے زیرِ تعمیر آغوش الخدمت مری کے لیے25لاکھ روپے کا امدادی چیک پیش کردیا گیا۔ الخدمت ویمن ونگ ٹرسٹ کی صدر نویدہ انیس نے الخدمت کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا اور الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر محمد عبدالشکور سے ملاقات کی اور انہیں 25 لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن کے سینئر نائب صدر سید احسان اللہ وقاص بھی موجود تھے۔ محمد عبدالشکور نے الخدمت ویمن ونگ ٹرسٹ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ الخدمت وومن ونگ ٹرسٹ نے مشکل کی ہر گھڑی میں ہمارے شانہ بشانہ کام کیا ہے اورملک بھر میں دکھی انسانیت خصوصاً یتیم بچوں کی خدمت اور فلاح و بہبود کے لیے میدانِ عمل میں ہمہ وقت کوشاں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 250یتیم بچوں کے لیے آغوش الخدمت مری سمیت 5مزید آغوش ہومز پر کام تیزی سے جاری ہے جبکہ اس وقت ملک بھر میں 10 آغوش ہومزمکمل طور پر آپریشنل ہوچکے ہیں جن میں مقیم 700سے زائد یتیم بچوں کو تعلیم و تربیت، خوراک ،صحت اور ذہنی و جسمانی نشوونما کی معیاری سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ۔علاوہ ازیں الخدمت فاؤنڈیشن سندھ کے تحت غریب اور مستحق خاندانوں میں ونٹر پیکج تقسیم کیے گئے ۔میرپور خاص، لاڑکانہ ، کشمور، ٹھٹھہ، بدین ، شہدادکوٹ ٹنڈو محمد خان اور ٹنڈو الہیار میں تقاریب کا اہتمام کیا گیا جس میں 500سے زائد بستر اور گرم کپڑوں پر مشتمل ونٹر پیکج تقسیم کیا گیا ۔ تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن غریب اور نادار افراد کو مشکل اوقات میں ہمیشہ یاد رکھتی ہے ۔الخدمت فاؤنڈیشن سندھ کے جنرل سیکرٹری محمد شاہد نے کہا کہ سردموسم میں گرم بستر اور کپڑوں سے محروم خاندانوں میں پیکج کی تقسیم ونٹر کمپین کا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشرے کے مخیرحضرات اپنی ذمے داری کو محسوس کرتے ہوئے دُکھی انسانیت کی خدمت کریں، سردی کے موسم میں بے گھر افراد رات کے وقت ٹھٹھرتے نظر آتے ہیں ، انسانیت کے ناتے ہم سب کی ذمے داری ہے کہ مستحقین کی ضرورت کو پورا کریں ۔