April 26th, 2024 (1445شوال18)

نبی کریمؐ کی تعلیمات امت مسلمہ کیلیے مشعل راہ ہے،عائشہ منور

 جماعت اسلامی خواتین سائٹ زون پی ایس 93 ضلع غربی کے تحت جلسہ سیرت النبیؐ کا انعقاد کیا گیا، جس میں سابق رکن قومی اسمبلی و رہنما جماعت اسلامی خواتین عائشہ منور، امیر جماعت اسلامی ضلع غربی عبدالرزاق، ناظمہ جماعت اسلامی خواتین ضلع غربی نفیسہ رکن الدین، ناظمہ خواتین سائٹ زون گلشن آرا نے خطاب کیا۔ جلسہ میں خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور یونین کونسل مومن آباد کی کونسلر اور نامور علمی و ادبی ورکر طلعت اشرف نے جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے عائشہ منور نے کہا کہ نبی کریمؐ کی تعلیمات امت مسلمہ کیلیے مشعل راہ ہیں، انسان کی زندگی کا اصل مقصد آپؐ کی تعلیمات کو اپنانے میں پوشیدہ ہے۔ جماعت اسلامی کی دعوت خالصاً رضائے الٰہی کا حصول ہے، کارکنان گھر گھر جاکر نبی کریمؐ کی تعلیمات کو پہنچائیں۔ اسلام دشمن عناصر مسلم خواتین کو مادی زندگی کے خواب دکھا کر گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ خواتین اپنے دین کے ساتھ تعلق کو مضبوط بنائیں۔ امیر جماعت اسلامی ضلع غربی عبدالرزاق خان نے سیرت طیبہؐ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نبی کریمؐ کی تعلیمات کو عام کرنے اور ان کی تعلیمات ہی سلامتی اور فلاح کا راستہ ہے۔ ہماری منزل پاکستان کو مدینہ جیسی اسلامی و فلاحی ریاست بنانا ہے۔ نبی کریمؐ کی تعلیمات کو عام کرنے اور اس ملک میں با برکت و شاندار اسلامی ریاست کے قیام کیلیے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ جلسہ سیرت النبیؐ سے نفیسہ رکن الدین اور گلشن آرا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مغرب نے عورت کو اشتہار بنا دیا ہے، حضرت محمدؐ نے خواتین کو حقوق دلائے، ہمارے لیے امہات المومنین رول ماڈل ہیں۔ امت مسلمہ کی ماؤں پر نسل نو کی تربیت کی بڑی ذمے داری عائد ہوتی ہے کہ مائیں اپنے بچوں کی تربیت سیرت طیبہؐ کے مطابق کریں۔ مزید برآں جلسہ کے اختتام سے قبل لیڈی کونسلر طلعت اشرف نے اپنی ٹیم سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کی۔ عائشہ منور نے طلعت اشرف کا استقبال کیا اور ان کو کتابوں کا تحفہ پیش کیا۔