April 27th, 2024 (1445شوال18)

حقوق نسواں کے علمبردار خواتین کا استحصال کر رہے ہیں‘دردانہ صدیقی

جماعت اسلامی خواتین کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ حقوق نسواں کے علمبردار ہی خواتین کا استحصال کر رہے ہیں، اسلام نے خواتین کو جوتحفظ دیاہے وہ کسی اور مذہب میں نہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ضلع جنوبی کے زیر اہتمام ککری گراؤنڈ میںاجتماع عام منعقدہ قومی خواتین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کانفرنس میں مختلف مکاتب فکر اور شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین نے شرکت کی۔ دردانہ صدیقی نے کہا کہ خواتین اسلامی شعائر کے مطابق زندگی گزارکر ہی دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کر سکتی ہیں ، اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان کے لیے ضروری ہے کہ اسلامی شعائر کو اپنایا جائے زندگی کے ہر شعبے میں اللہ کے احکامات کی پابندی کی جائے۔پردہ خواتین کی ترقی میں رکاوٹ نہیں، باپردہ خواتین نے قیام پاکستان سے اب تک ملکی ترقی میں ہمیشہ اپنا کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں منافقت اور دورنگی چھوڑ کر اسی کے رنگ میں رنگنا ہوگا اورشفاعت رسولؐ حاصل کرنے کے لیے احکامات خداوندی پر عمل کرنا ہوگا۔ دردانہ صدیقی نے کہا کہ وطن عزیز میں ختم نبوت کے قانون میں ترامیم کی کوششیں کی جا رہی ہیں یہی وجہ ہے کہ ہم مسائل و مشکلات کا شکار ہوگئے۔ہمیں اسلامی انقلاب کے لیے ایسے لوگوں کا ساتھ دینا ہوگا جو دنیا پر اللہ کی حکمرانی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی کرپشن سے پاک دیانت دار قیادت ہی اس ملک میں تبدیلی لا سکتی ہے۔ جماعت اسلامی خواتین کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی اور صدر الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ طلعت ظہیر نے روہنگیا مسلمانوں کے لیے لگائے جانے والے امدادی بازار کی کامیابی اور بہترین انتظامات پر نگراں الخدمت فاؤنڈیشن ٹرسٹ نویدہ انیس، شہناز اقبال،ناصرہ الیاس اور دیگر تمام ذمے داران کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی کوششوں کو سراہااور کہا کہ اتنے کم وقت میں رضائے الٰہی کی خاطر ہماری بہنوں نے امت کے درد کو محسوس کرتے ہوئے جس ہمت اور لگن کے ساتھ دن رات محنت کی اس کا اجر رب کے سوا کسی کے پاس نہیں۔دردانہ صدیقی نے کہا کہ میانمر(برما) کے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے حوالے سے یہ امدادی بازار عوام کی آگہی کا ایک ذریعہ بناہے۔