April 26th, 2024 (1445شوال18)

دردانہ صدیقی اور طلعت ظہیر کا روہنگیا مسلمانوں کی امداد کی کوششوں پر الخدمت فاؤنڈیشن کو خراجِ تحسین 

برما میں مسلمانوں پر مظالم کے خلاف انفرادی اور اجتماعی کوششیں جاری رکھی جائیں گی ۔جماعت اسلامی پاکستان (حلقہ خواتین ) کی مرکزی سیکریٹری جنرل دردانہ صدیقی اور صدر الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ طلعت ظہیر نے روہنگیا مسلمانوں کے لئے لگائے جانے والے امدادی بازار کی کامیابی اور بہترین انتظامات پر نگراں الخدمت فاؤنڈیشن ٹرسٹ نویدہ انیس، شہناز اقبال،ناصرہ الیاس اور دیگر تمام زمہ داران کو مبارکباد دیتے ہوئے انکی کوششوں کو سراہااور کہا کہ اتنے کم وقت میں رضائے الٰہی کی خاطر ہماری بہنوں نے امت کے درد کو محسوس کرتے ہوئے جس ہمت اور لگن کے ساتھ دن رات محنت کی اس کا اجر رب کے سوا کسی کے پاس نہیں۔دردانہ صدیقی نے مزید کہا کہ میانمار(برما) کے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم اور جو قیامت ٹوٹی ہوئی ہے اس کے حوالے سے یہ امدادی بازار عوام کی آگہی کا ایک ذریعہ بنا ہے۔ہم امید کرتے ہیں کہ ایسی سرگرمیاں انفرادی اور اجتماعی سطحوں پر عوام کی آگہی ، تعاون اور بالخصوص حکومتی سطح سے اس ظلم کے تدارک اور روہنگیا متاثرین کی امداد کے لئے موثر اقدامات کاذریعہ بنیں گی۔