April 26th, 2024 (1445شوال17)

جماعت اسلامی حلقہ خوتین کا مرکزی رپورٹنگ اجلاس

جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین کادو روزہ مرکزی رپورٹنگ اجلاس جنرل سیکریٹری دردانہ صدیقی کی زیر صدارت منصورہ لاہور میں منعقد ہوا ۔اجلاس سے افتتاحی خطاب کر تے ہوئے جنرل سیکریٹری دردانہ صدیقی نے کہا کہ ملک کے سیاسی حالات بہت نازک ہیں جس کی وجہ سے باشعور طبقہ کافی مضطرب دکھائی دیتا ہے ۔آئین کی دفعہ 63-62کو آئین سے نکالنے کے لیے بڑی سیاسی پارٹیوں میں گٹھ جوڑ ہو رہا ہے ۔ان حالات میں جماعت اسلامی نے احتساب مارچ کا آغاز کیا ہے اور احتساب کی منزل کو کامیابی سے ہمکنار کر نے کے لیے ہمیں محتاط انداز میں کام کر نا ہو گا ۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے تذکیری گفتگو میں کہا کہ ہمارا مقصود و مطلوب دنیا نہیں بلکہ رضائے الٰہی کا حصول ہے ۔لہٰذا ہماری تمام تگ ودو کا ہدف نظام خلافت راشدہ کے طرزِ حکومت کا نفاذہے ۔ مسلمانوں کے اجتماعی ضمیر میں تنقید کی جگہ افکار کی گہری چھاپ نظر آنی چاہیئے ۔اجلاس میں چاروں صوبوں اور مرکزی شعبہ جات نے سالانہ کارکردگی کا جائزہ پیش کیا ۔ اجلاس میں طے شدہ اہداف کی تکمیل ،ووٹ سازی مہم ،ممبر سازی اور تجاویز کا جائزہ لیا گیا ۔علاوہ ازیں دردانہ صدیقی نے یوتھ بورڈ اور سیاسی سیل کی نشستوں میں بھی شر کت کی اور آئندہ کے کاموں کی منصوبہ بندی کا جائزہ لیا۔اجلاس میں ڈپٹی سیکریٹریز آمنہ عثمان ،رعنا فضل ،ڈاکٹر حمیرا طارق ،عفت سجاد اور معتمدہ تسنیم معظم کے علاوہ چاروں صوبوں کی ناظمات ،مرکزی شعبہ جات کے نگراں اور ان کی ٹیم نے شر کت کی ۔