April 26th, 2024 (1445شوال17)

سیکورٹی کونسل اور او آئی سی کا اجلاس بلاکر برما پر دباؤ ڈالا جائے‘ سراج الحق

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے گزشتہ روز وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کو ٹیلی فون کیا ۔ انہوں نے کہاکہ برما میں مسلمانوں کا قتل عام جاری ہے، لاکھوں مسلمانوں کی زندگی اجیرن کر دی گئی ہے ۔برما میں چند دنوں میں ہزاروں مسلمانوں کو شہید اور زخمی کر دیا گیاہے اور لاکھوں برمی مسلمانوں کو ان کے گھروں سے نکال دیا گیا ہے مگر امریکا سمیت تمام عالمی قوتیں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ روہنگیا مسلمانوں پر جاری مظالم رکوانے کے لیے حکومت پاکستان فوری اقدامات کرے۔ سیکورٹی کونسل اور او آئی سی کا ہنگامی اجلاس بلا کر برما حکومت پر عالمی دباؤ بڑھایا جائے ۔میانمار کے سفیر کو بلا کر عوامی جذبات سے آگاہ کیا جائے اورمظلوم اراکانی مسلمانوں کو پناہ نہ دینے پر بنگلا دیشی اور بھارتی حکومت کو بے نقاب کیا جائے ۔علاوہ ازیں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے جامع مسجد منصورہ میں نماز عیدالاضحی کے بڑے اجتماع سے خطاب اور بعدازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک اس وقت چاروں طرف سے خطرات میں گھرا ہواہے ۔ 70 سال سے اقتدار پر مسلط کرپٹ ٹولے نے ملکی معیشت کو کھوکھلا کر دیاہے ۔ ملک کو غاروں میں بیٹھے ہوئے دہشت گردوں سے زیادہ نقصان اقتدار کے ایوانوں میں موجود معاشی دہشت گردوں نے پہنچایا ہے۔ موجودہ دور میں اسٹیٹس کو کی قوتیں اور باطل نظام ہی فرعون ، نمرود اور ابو جہل ہیں ۔ ان بتوں کو توڑنا عین سنت ابراہیمی ؑ ہے ۔ طاغوتی قوتیں انسانوں کا استیصال کر رہی ہیں ۔ انسانوں کو خالق کے بجائے اپنی ذات کی طرف بلانے والا لیڈر نہیں بہروپیا ہوتاہے جو انسانوں کو گمراہی کے راستے پر چلاتاہے ۔ اسٹیٹس کو اور موروثی سیاستدانوں سے بغاوت کرنا ضروری ہے تاکہ ملک میں جمہوریت مستحکم بنیادوں پر کھڑی ہو سکے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ وقت کے فرعون ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ اگر پاکستان نے امریکا کا ساتھ نہ دیا تو خطرناک نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ ہم کہتے ہیں کہ اگر ٹرمپ نے اپنا رویہ نہ بدلا اور پاکستان کو دھمکیاں دینے سے باز نہ آیا تو امریکا کو منہ کی کھانا پڑے گی ۔ اللہ نے جس کے غرور کو خاک میں ملانا ہوتا ہے اسے افغانستان کے پہاڑوں میں لے آتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر ، فلسطین اور برما میں مسلمانوں کا قتل عام جاری ہے ۔ لاکھوں مسلمانوں کی زندگی اجیرن کر دی گئی ہے ۔برما میں چند دنوں میں ہزاروں مسلمانوں کو شہید اور زخمی کر دیا گیاہے اور لاکھوں برمی مسلمانوں کو ان کے گھروں سے نکال دیا گیا ہے مگر امریکا سمیت تمام عالمی قوتیں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ 70 سال میں جرنیل ہوں یا سول حکمران ، سب نے اللہ کی بغاوت پر مبنی ظالمانہ نظام کو مسلط رکھا اور ایک دن کے لیے بھی ملک میں قرآن و سنت کا عدل و انصاف پر مبنی نظام نافذ نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان تحریک کامیابی سے ہمکنار ہو کر رہے گی ۔ انہوں نے کہاکہ کرپشن کے مستقل خاتمے کے لیے اسلامی حکومت کا قیام از حد ضروری ہے ۔ اسلامی حکومت کے بغیر کرپشن ختم ہوسکتی ہے نہ ملک میں جمہوریت پھل پھول سکتی ہے ۔ انہو ں نے کہاکہ ظالم جس پارٹی میں بھی ہو اور اس نے جس نظام کا بھی جھنڈا اٹھا رکھاہو ، اس کے خلاف ہماری جدوجہد جاری رہے گی ۔ انہوں نے کہاکہ ظالم نیلا ہو یا پیلا یا رنگ رنگیلا ، اسے رعایت نہیں ملنی چاہیے اور جس نے بھی پاکستان کو لوٹاہے ، اسے احتساب کے کٹہرے میں کھڑا کر کے اس سے لوٹی گئی قومی دولت واپس لینی چاہیے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی کا 11 ستمبر کو لاہور سے راولپنڈی تک احتساب مارچ ،کرپشن فری پاکستان تحریک کی کامیابی کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا اور 6ستمبر کو ملک بھر میں جے آئی یوتھ کے لاکھوں نوجوان پاکستان کے تحفظ کا عہد کریں گے ۔