April 26th, 2024 (1445شوال17)

دردانہ صدیقی کی کم سن بچی زینب کے لرزہ خیز قتل کی شدید مذمت 

 جماعت اسلامی خواتین کی جنرل سیکرٹری دردانہ صدیقی نے قصور میں کم سن بچی کے ساتھ پیش آنے والے اندوہناک واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم پھولوں کو نوچنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، پولیس اور انتظامیہ مجرم کو فوری پکڑ کر قرار واقعی سزا دلوائے تاکہ وہ نشان عبرت بن جائیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے ہر فرد کی ذمے داری ہے کہ معصوم بچوں کی حفاظت کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ فحاشی و عریانی کے سیلاب نے معاشرے سے انسانی احترام ختم کردیا ہے۔ پی ٹی اے اور پیمرا کو ایسی تمام ویب سائٹس اور چینلز پر پابندی لگا دینی چاہیے جو فحش مواد نشر کرتے ہیں۔ دردانہ صدیقی نے کہا کہ المیہ ہے کہ حکمران طبقہ ہمیشہ اپنے ذاتی مفادات کے چکر میں ملک وقوم کے جان و مال کے تحفظ سے بے پرواہی برتتا رہا ہے۔ اس وقت قوم کی بیٹیوں کی عزتیں محفوظ نہیں، معاشرے کی زوال پذیری کا عالم یہ ہے کہ معصوم بچے بھی شیطانی ہوس کا شکار ہیں۔ آج تک کسی بااثر مجرم کو سزا نہیں دی گئی، اس کے برعکس بااثر مجرمان عدالتی حکم پر رہا کردیے جاتے ہیں اور حالات کی مزید خرابی کا پیش خیمہ ثابت ہوتے ہیں۔