July 8th, 2020 (1441ذو القعدة17)

موجودہ حالات رجوع الیٰ اللہ و استغفار کے متقاضی ہیں ، دردانہ صدیقی

 جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ موجودہ حالات رجوع الیٰ اللہ اور توبہ و استغفار کے متقاضی ہیں۔بحیثیت قوم انفرادی و اجتماعی سطح پر معاشرے کو اللہ کے بتائے ہوئے ضابطہ حیات کے مطابق ڈھالنا ہو گا۔یہ بات انہوں نے ناظمات صوبہ و نگران مرکزی شعبہ جات کے اجلاس سے اپنے خطاب میں کہی۔ دردانہ صدیقی نے موجودہ بجٹ 2020ء کو سودی معیشت کے ساتھ پیش کیے جانے کو لمحہ فکر قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی وبا نے پاکستانی عوام کو بھی معاشی و سماجی آزمائش سے دوچار کیا ہے جس میں حکومت کو اپنا مثبت کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ دردانہ صدیقی نے رمضان المبارک میں حلقہ خواتین اور برادر تنظیموں کے باہمی تعاون سے کی جانے والی کوششیں عوام کی خدمت، طبی سہولیات ، سفید پوش طبقے کو راشن پہنچانا،آن لائن دروس اور دورہ قرآن کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے معاشرے میں ان کوششوں کو بہترین نتائج کے حصول کا ذریعہ بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ بعد ازاں تمام ناظمات صوبہ و نگران شعبہ جات نے کارکردگی جائزہ پیش کیا۔علاوہ ازیں رمضان المبارک اور وباکی صورت میں امدادی اور خدمت کی سرگرمیوں، آن لائن پروگرامات اور مہمات کی رپورٹ بھی پیش کی گئی