October 20th, 2018 (1440صفر10)

حریم ادب کے تحت 7ویں رائٹرز کنونشن ایوارڈز کا انعقاد

خواتین کی ادبی اور اصلاحی انجمن حریمِ ادب کے تحت7ویں رائٹرز کنونشن ایوارڈزکا مقامی آڈیٹوریم میں انعقاد کیا گیا جس میں ادبی حلقوں کی معروف خواتین نے شرکت کی۔ تقریب سے معروف مصنفہ بلقیس کشفی ، دوشیزہ ڈائجسٹ کی مدیرہ منزہ سہام مرزا، عنبرین حسیب ،جسارت کے صفحہ خواتین کی مدیرہ غزالہ عزیز ، افسانہ نگار غزالہ ارشد ،ہاجرہ رحمن اور دیگر نے خطاب کیا ۔ تقریب میں ادب اور معاشرے کے تعلق پر مذاکرہ ’’اس جہاں کو قلم سے سنواریں گے ہم‘‘ میں شرکاء نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ادب معاشرے کی راہیں متعین کرتا ہے، تحریر لکھاری کا عکس ہوتی ہے، کمرشلزم نے تخلیق کے عمل کو متاثرکیا ہے،جو دکھتا ہے وہ بکتا ہے کے نعرے نے الفاظ اور عورت دونوں کو بے پردہ کردیا ہے۔جسارت کی صفحہ خواتین کی مدیرہ غزالہ عزیز نے قرآن پاک کو ادب کا اصل اور حقیقی ماخذ قرار دیا۔تقریب میں ایک دلچسپ خاکہ بھی پیش کیا گیاجس میں لکھاریوں کی تحریری خامیوں کی نشاندہی کی گئی۔ بعد ازاں بہترین قلمکاروں میں اسناد و اعزازی شیلڈز تقسیم کی گئیں۔اس موقعے پر جسارت کے تحت ہونے والے تحریری مقابلے کے شرکا میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔