September 13th, 2026 (1448ربيع الثاني2)

مولانا مودودی رح کے افکار امت مسلمہ کے لیے بیداری کا پیغام ہیں۔ ڈاکٹر حمیرا طارق 

 
بانی جماعت اسلامی، مفکرِ اسلام مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے جماعت اسلامی کی جانب سے 21 ستمبر تا 30 ستمبر"عشرہ مودودی" منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر سیکریٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے اپنے بیان میں کہا کہ مولانا مودودیؒ نے دینِ اسلام کو ایک مکمل ضابطہ حیات کے طور پر دنیا کے سامنے پیش کیا، اور اسلامی انقلاب کے لیے فکری، علمی اور تحریکی بنیادیں فراہم کیں۔انہوں نے کہا کہ مولانا مودودیؒ نے قرآن و سنت کی روشنی میں مسلمانوں کو ان کی حقیقی ذمہ داریوں کا شعور دیا۔ ان کی تحریریں آج بھی فکری رہنمائی کا سرچشمہ ہیں اور اسلامی معاشرے کی تشکیل کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ ڈاکٹر حمیرا طارق نےکہا کہ مولانا مودودیؒ کا پیغام کسی ایک طبقے یا جماعت تک محدود نہیں، بلکہ پوری امت مسلمہ کے لیے بیداری کا پیغام ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آج ہمیں مولانا مودودیؒ کے افکار کی روشنی میں اپنے کردار و عمل کو سنوارنے، اسلامی نظام کے قیام کے لیے جدوجہد تیز کرنے، اور نئی نسل کو دین سے جوڑنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ "عشرہ مودودی" منانے کا مقصد یہی ہے کہ ہم ان کے علمی ورثے کو زندہ رکھیں اور اسے آنے والی نسلوں تک پہنچائیں